لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبر ز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک کی معاشی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کریں گے ۔ یہ فیصلہ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ کی ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں انجم نثار سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے دوران کیا گیا ۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ سابق عہدیداران محمد علی میاں، شاہد حسن شیخ، سہیل لاشاری، عبدالباسط، میاں نعمان کبیر، امجد علی جاوا، ناصر حمید خان، فہیم الرحمن سہگل اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران بھی موجود تھے ۔ میاں انجم نثار نے کہا کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ واحد حل ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقامی انڈسٹری کو یکساں مواقع فراہم کئے جائیں۔ جو زیادہ پیداواری لاگت، مارک اپ اور انرجی ٹیرف کی وجہ سے دیگر ممالک کا مقابلہ کرنے سے قاصر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ادائیگیوں میں توازن جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے ۔ چند مصنوعات اور محدود مارکیٹوں تک رسائی کم برآمدات کی بڑی وجہ ہے ، انہیں بڑھانے کے لیے بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے متعلقہ سرکاری محکموں پر زور دیا کہ ملکی برآمدات میں اضافے کی حکمت عملی ترتیب دینے کیلئے نجی شعبہ کے ساتھ تعاون کو فروغ دیں۔ لاہور چیمبر کے صدرعرفان اقبال شیخ نے دنیا کے ساتھ معاشی و تجارتی روابط مضبوط کرنے کیلئے اکنامک ڈپلومیسی اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اب جبکہ تمام ممالک بین الاقوامی تجارت میں زیادہ سے زیادہ حصہ ڈالنے اور فائدہ اٹھانے میں مصروف ہیں ،ایسے میں پاکستان الگ تھلگ نہیں رہ سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ اکنامک ڈپلومیسی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے ، اور اس کا ایجنڈا بے حد جامع اور غیر ملکی تجارت ،امپورٹ ایکسپورٹ ،دیگر ممالک میں ملک کے معاشی مفاد کا فروغ، غیرملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں موجود تجارتی و سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں آگاہی سمیت تمام مسائل پر مبنی ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر اور ایف پی سی سی آئی دونوں کی اپنی اپنی اہمیت ہے ، ان دونوں اداروں کے اشتراک سے معیشت میں مثبت تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر بزنس سے متعلقہ تمام ضروری معلومات کا ڈیٹا اکٹھا کرنے میں سرگرم عمل ہے جس سے غیر منظم سیکٹرز کو باضابطہ منظم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعتوں کیلئے ضروری خام مال کی درآمد پر ٹیکسز اور ڈیوٹی کم کی جائے تاکہ کاروباری لاگت کم کی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کی جانب سے پاکستان کا غلط تاثر پھیلایا گیا ہے ،جسے درست کرنے کیلئے ملک کے تمام چیمبرز اور ٹریڈ باڈیز کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ عرفان اقبال شیخ نے بتایا کہ ممبران کی سہولت کے لیے لاہور چیمبر میں دس سے زائد سرکاری محکموں کے ہیلپ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں۔