اسلام آباد،راولپنڈی،کوئٹہ(خصوصی نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،نیٹ نیوز ) وزیرستان اور مستونگ میں فورسز کی کارروائیوں کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک جبکہ مچھ میں چوکی پرحملہ میں سپاہی شہید اور 2 فوجی جوان زخمی ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے مچھ میں دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز کی چوکی پرحملہ کر دیا، آئی ایس پی آر کے مطابق فرنٹیئر کور کے دستوں نے فوری جوابی کارروائی کی،فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی عرفان شہید ہوگیا جبکہ دو فوجی جوان زخمی ہوگئے ۔ سکیورٹی فورسز نے شمالی وریزستان کے علاقہ دوسالی میں کلیئرنس آپریشن کے دوران ایک دہشتگرد کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اتوار کو دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقہ دوسالی میں کلیئرنس آپریشن کیا ۔ فائرنگ کے تبادلہ میں ایک دہشتگرد مارا گیا جبکہ مسلح افواج نے علاقہ میں کلیئرنس آپریشن کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا ہے ۔دوسری جانب مستونگ کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں کالعدم تنظیم کا صوبائی امیر ہلاک ہو گیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے کانک میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد کی شناخت ممتاز کے نام سے ہوئی ہے جو فورسز کے اہلکاروں اور شہریوں پر متعدد حملوں میں ملوث تھا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج ایسے بزدلانہ حملوں اور حملہ آوروں کو شکست دینے کے لیے پُرعزم ہے ، امن کے دشمنوں کو ملک میں بھاری قربانیوں سے حاصل امن سبوتاژ کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے ۔