اسلام آباد (وقائع نگار) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان نوجوانوں کا ملک ہے کیونکہ ہماری آبادی کا 68 فیصد حصہ 30 سال سے کم عمر لوگوں پر مشتمل ہے ،ہم نوجوانوں کی اس کثیر تعداد کوملک و قوم کے لئے ایک عظیم سرمائے میں تبدیل کرنے کے لئے سخت محنت کر رہے ہیں،نوجوان کسی بھی معاشرے میں تبدیلی کا اصل محرک ہوتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار سے ملاقات میں کیا۔وزیراعظم نے نوجوانوں کی زندگی کے تمام شعبوں میں موثر شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی تاکہ انہیں اعلیٰ مقاصد کے حصول میں مدد مل سکے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے ناظم جوکھیو قتل کیس کا نوٹس لیتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے رابطہ کیا اور تفصیلات طلب کیں۔گورنر سندھ اور پی ٹی آئی رہنمائوں نے وزیراعظم سے وفاق کی جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کیا۔وزیراعظم نے عمران اسماعیل اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ سے تفصیلات طلب کیں اور دونوں کو اسلام آباد طلب کر لیا۔ وزیراعظم نے خصوصی طور پر گورنر سندھ کو کیس کا جائزہ لینے کی ہدایت کی اور متاثرہ فیملی کو ممکنہ قانونی مدد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔اس سے قبل اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ، پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان، رکن سندھ اسمبلی سعید آفریدی، راجہ اظہر اوردیگرنے جمعہ کوملیرکے سالار جوکھیو گوٹھ میں مقتول ناظم جوکھیو کے ورثا سے تعزیت کی۔ حلیم عادل شیخ نے کہا ناظم جوکھیو کا قتل افسوس ناک واقعہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ،ورثا جام عبدالکریم کا نام لے رہے ہیں ،ورثا چاہتے ہیں جام عبدالکریم کا نام ایف آئی آر میں شامل کیا جائے ، ہم نے وزیر اعظم عمران خان کو بھی واقعے پر آگاہ کیا ہے ،یہ سردار دہشتگرد ہیں،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ مگرمچھ کے آنسو بہانے آئے تھے جب ایف آئی آر اور پوسٹ مارٹم نہیں ہورہا تھا تب وزیراعلیٰ کہاں تھے ۔