اسلام آباد(نامہ نگار،92نیوزرپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک)نیب نے مختلف ریفرنسز کا سامنا کرنے والے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈراور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے ناجائز ذرائع سے حاصل کردہ اثاثے منجمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،اثاثے منجمد کرنے کے بعدانہیں قبضے میں لینے کیلئے کارروائی کی جائے گی۔نیب ذرائع کے مطابق نیب حکام نے شہباز شریف کی لاہور میں ماڈل ٹاؤن کی 96 ایچ کے بعد 2 مزید جائیدادوں اور گاڑیوں کو منجمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،اس کے علاوہ مری اور اسلام آبادمیں بھی شہباز شریف اور ان کے اہلخانہ کی جائیدادوں کو منجمد کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے جائیدادیں منجمد کرنے کے بعد ان کا قبضہ حاصل کرنے کے لیے عدالت سے اجازت لی جائے گی۔ شہباز شریف اور ان کے اہلخانہ کے خلاف زیر استعمال لگژری گاڑیوں کو بھی منجمد کرکے تحویل میں لینے کیلئے عدالت سے درخواست کی جائے گی۔ذرائع نے بتایا یہ فیصلہ آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیسز کی وجہ سے کیا گیا جن کی تحقیقات کے دوران شہباز شریف تسلی بخش جوابات نہیں دے پائے جبکہ ان کی جانب سے ٹرانزیکشنز کی تمام تر تفصیلات بھی فراہم نہیں کی گئیں۔ اثاثہ جات منجمد کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو خط لکھنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ۔محکمہ ریونیو، ایکسائز اور دیگر متعلقہ مالیاتی اداروں کوبھی جلد خط بھیجوا دیئے جائیں گے ۔ذرائع نے بتایا شہباز شریف کے اثاثے عارضی طور پر منجمد کئے جائیں گے اورجب تک وہ اپنی جائیداد سے متعلق نیب کو مطمئن نہیں کرتے تب تک یہ اثاثے منجمد رہیں گے ۔ذرائع کے مطابق اثاثے ٹی ٹی آمدنی سے خریدے گئے ۔مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق اثاثوں کو منجمدکرنے کے بعدان کا قبضہ حاصل کرنے کے لیے عدالت سے اجازت لی جائیگی۔ نجی ٹی وی کے مطابق نیب شہبازشریف کا ڈونگہ گلی میں بنگلہ، خیبر پختونخوامیں گھر اور دیگر اثاثے منجمد کریگا۔ان کی ملکیتی قیمتی گاڑیوں کی تفصیلات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔ نیب نے نصرت شہباز اور خاندان کے دیگر افراد کو بھی خطوط لکھے لیکن جواب نہ ملا، شہبازشریف فیملی منی ٹریل فراہم کرنے میں بھی ناکام رہی۔نیب نے محکمہ ریونیو کو شہبازشریف خاندان کے اثاثوں کی فروخت سے متعلق تفصیلات کے لئے بھی خط لکھا ہے ۔نائینٹی ٹو نیوز کی رپورٹ کے مطابق شہباز شریف کی جائیدادکی منتقلی روکنے کیلئے اداروں کو خط لکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے شہباز شریف لندن میں تھے تو انہوں نے وہاں پر 154ملین کے 4اپارٹمنٹ خریدے ۔لاہور اور ایبٹ آباد میں تینوں گھر اپنی بیویوں کے نام کئے ۔شہبازشریف نے دوگاڑیاں اس وقت تحفے میں لیں جب وہ وزیر اعلیٰ پنجاب تھے ۔