اسلام آباد (سپیشل رپورٹر؍ 92 نیوزرپورٹ)وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اتھارٹی کی سٹریٹجک فورسز کمانڈ جوہری فیسلٹی کا دورہ کیا۔ ایوان وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم کی آمد پر ان کا استقبال چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی (جے سی ایس سی) جنرل ندیم رضا اور ڈائریکٹر جنرل سٹریٹجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج نے کیا۔لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج نے دورے کے دوران وزیر اعظم کو پاکستان کے سٹریٹجک پروگرام کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا ۔وزیر اعظم نے پاکستان کے سٹریٹجک پروگرام سے وابستہ تمام سائنسدانوں اور اہلکاروں کی انتھک کوششوں کو سراہا اور اس کا اعتراف کیا اور قومی دفاع کو مضبوط بنانے کے لئے پاکستان کی ایٹمی صلاحیت اور تحفظ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہاقومی دفاع کومضبوط بنانے کے لئے ایس پی ڈی کاکردار اطمینان بخش ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے پہلی بار کسی بھی سال میں 4000 ارب روپے کی وصولیوں کا تاریخی سنگ میل عبور کرنے پر ایف بی آر کی کوششوں کو سراہا ہے ۔ اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے آگاہ کیا کہ جولائی تا مئی کے دوران ایف بی آر کی وصولیاں 4143 ارب تک پہنچ گئی ہیں اور ابھی یہ وصولیاں جاری ہیں، یہ گزشتہ سال کے اتنے ہی عرصے کے محصولات کے مقابلے میں 18 فیصد زیادہ ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا یہ صورت حال حکومت کی پالیسیوں کی بدولت وسیع البنیاد معاشی بحالی کی عکاسی کرتی ہے ۔مزیدبرآں وزیر اعظم سے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ارکان نے ملاقات کی ۔علی شان سونی، علی رضا بخاری، صغیر چغتائی ، سابق سپیکر انوارالحق اور سابق وزیر شہزاد چودھری نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔اس موقع پر تحریک انصاف میں شامل ہونے والے ممبران قانون ساز اسمبلی نے کہا کہ جس مدبرانہ اور مربوط حکمت عملی سے عمران خان نے ملک کو مالی بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے اور جس موثرانداز میں انہوں نے بین الاقوامی فورمز پر نہ صرف کشمیر بلکہ اسلام کا مقدمہ لڑا ہے ، وہ نہایت قابل تحسین ہے ۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کے وژن اور عملی اقدامات سے متاثر ہو کر پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے ۔