اسلام آباد(رپورٹ: فیصل رضا خان)کورونا وبائکا بہانہ یا وزارت خارجہ کے سینئر حکام کی نااہلی،وزارت خارجہ میں4 ماہ سے گریڈ 17 سے 19 کے افسران کا’’پوسٹنگ پلان‘‘التوا کا شکارہے ۔35افسر رواں سال اپریل سے بیرون ممالک تقرری اور تبادلوں کے منتظر ہیں تاہم کوئی حتمی فیصلہ نہ ہوسکا،بیشتر افسر شدید ذہنی کوفت اور تذبذب کا شکارہیں جبکہ قومی خزانے کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے ۔ذمہ دار ذرائع نے 92نیوز کوبتایا کہ وزارت خارجہ نے سفراء اور ہائی کمشنرز کی بیرون ممالک نامزدگیوں کا اعلان 23جون کو کیا تھا اور اس کے بعد گریڈ 17سے 19 کے افسران کی بیرون ممالک تعیناتیوں کا فیصلہ ہونا تھالیکن اِس ضمن میں کوئی حتمی فیصلہ نہ ہوسکا۔ وزارت خارجہ نے ابتدائی طور پر یہ موقف اختیار کیا تھا کہ جون میں بیرون ممالک پروازیں شروع ہونے پر گریڈ 17 تا 19 کے "پوسٹنگ پلان" کو حتمی شکل دے دی جائے گی تاہم اب نیاموقف سامنے آیا کہ سفرائاور ہائی کمشنرز کے چارج سنبھالنے تک گریڈ 17 سے 19 کی تقرریوں کا اعلان کیا جائے گا ۔وزارت خارجہ میں اعلیٰ سطح پر سست روی کے باعث بیشتر افسر شدید ذہنی کرب اور تذبذب کا شکار ہیں۔