اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا کی بندشوں کے باعث جہاں عالمی سطح پراشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے نے دنیاکے بیشتر ممالک کو اپنی لپیٹ میں لیکر بری طرح متاثرکیا وہاں پاکستان ماشاء اللہ قیمتوں میں اضافے کے ) اس چیلنج سے نسبتاً بہتر طور پر نبرد آزما ہوا ہے ۔ وزیر اعظم نے اپنے ٹویٹ میں وزارت خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم کا ایک ویڈیو کلپ بھی شیئر کیا۔ علاوہ ازیں وزارت خزانہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ میڈیا پر مہنگائی کے حوالے سے عوام کو غلط تاثر دیا جا رہا،تمام اعشاریے مثبت سمت میں ہیں ،مسلسل چار ماہ سے پوری دنیا میں مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ،عالمی ادارہ ایف اے اوکے مطابق ستمبر اور اکتوبر کے مہینے میں کھانے اور پینے کی اشیا ء میں 3.9 فیصد اضافہ ہو ا۔ترجمان نے بتایا کہ ایف اے او کی رپورٹ کے مطابق کھانے کے تیل کی قیمتیں عالمی مارکیٹ میں اس وقت اپنی بلند سطح پر ہیں،اس میں 9.6فیصد اضافہ بتایا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ رپورٹ کے مطابق ڈیری کی مصنوعات میں 2.6فیصد اضافہ ہوا جبکہ کورونا کے بعد پوری دنیا اس وقت مشکلات میں ہے ، صرف پاکستان میں اس کا تاثر دینا غلط ہے ۔انہوں نے کہا پاکستان میں معیشت کی ترقی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اورصرف اکتوبر کے مہینے میں پاکستان کی برآمدات 17.5فیصد بڑھی ہیں جو کہ پچھلے آٹھ سالوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے ،پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ برآمدات کا ہدف 30 ارب ڈالر اس سال حاصل کریں گے ۔انہوں نے کہا ٹیکسٹائل کی برآمدات،ٹیکس محصولات میں اضافہ ہوا ،کپاس کی پروڈکشن میں 81 فیصد ،صنعت میں12.25فیصد اضافہ ہوا ہے لہذاآنے والوں دنوں میں معیشت میں مزید بہتری آئے گی۔