چارسدہ،اسلام آباد ( نیوز ایجنسیاں ،نامہ نگار) پیپلز پارٹی اور اے این پی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کو توڑنے کی بنیاد مسلم لیگ(ن) نے رکھی اور شوکاز نوٹس دے کر پی ڈی ایم توڑ دی گئی۔تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے وفد نے نیئر بخاری کی قیادت میں چارسدہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے وفد سے ملاقات کی ۔ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے نیئر بخاری نے کہا کہ ہم بالخصوص اسفند یار ولی کی مزاج پرسی کیلئے آئے ہیں ، موجودہ صورتحال ہم خیال جماعتوں میں تعاون بڑھنا چاہئے اور پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور دیگر ترقی پسند جماعتیں مل کر کوئی لائحہ عمل اختیار کریں، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں یہ بحث بھی ہو گی کہ ہمیں مستقبل میں کیا لائحہ عمل اختیار کرنا چاہئے ۔عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میاں افتخار نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہتے کہ ہم پی ڈی ایم سے علیحدہ ہوئے بلکہ پی ڈی ایم انہوں نے توڑ دی تو اس کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں تھا کیونکہ شوکاز نوٹس بھیجنا ہی پی ڈی ایم توڑنے کے مترادف تھا،جب پی ڈی ایم ہی نہیں تو واپسی کا سوال کیسا، پی ڈی ایم نے بڑا ظلم کیا جبکہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی رہنما سینیٹرسلیم مانڈوی والا نے کہاپیپلز پارٹی یا کسی پارٹی کی حکومت سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی، سینٹ میں تمام پارٹیاں ایک صفحہ پراور متحد ہونگی۔