لاہور (صباح نیوز) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹر زایسوسی ایشن کے وفد نے ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی میاں ریاض احمدسے ملاقات کر کے رواں سال ستمبر میں پاکستان میں منعقد ہونے والی کارپٹ کی عالمی نمائش کے حوالے سے تبادلہ خیال اور مالی اور تکنیکی معاونت کی درخواست کی ۔ تفصیلا ت کے مطابق ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین اعجاز الرحمان اورسینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک پر مشتمل وفد نے ڈی جی ٹڈیپ سے ان کے دفتر میں ملاقات کر کے رواں سال ستمبر میں منعقد ہونے والی کارپٹ کی 37ویں عالمی نمائش کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا ۔ وفد نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ امسال بھی زیادہ سے زیادہ غیر ملکی خریداروں کو نمائش میں شرکت کے لئے مدعو کیا جائے اور ان کے ساتھ ابتدائی طور پر رابطے بھی کئے گئے ہیں جن کا مثبت جواب آیا ہے ۔ وفد نے درخواست کی جلد سے جلد فنڈز کا اجراء کیا جائے تاکہ نمائش کی تیاریوں کا بروقت آغاز اور خصوصاً غیر ملکی خریداروں کو سہولیات کی پیشکش کی جا سکے ۔ اس موقع پر ڈی جی ٹڈیپ میاں ریاض نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس سلسلہ میں اپنا بھرپور کردار اد ا کریں گے ۔ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ اس طرح کی نمائشوں سے پاکستانی مصنوعات کی تشہیر ہو تاکہ برآمدات میں اضافہ ہو سکے ۔ ٹڈیپ کی جانب سے بیرون ممالک نمائشوں میں بھی پاکستانی ایکسپورٹرز کی شرکت کو یقینی بنایا جاتا ہے ۔ اعجاز الرحمان نے کہا کہ ہم پر امید ہے کہ نمائش کی کامیابی سے مشکلات کا شکار کارپٹ انڈسٹری کو سہارا ملے گا جس سے معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔