اسلام آباد، راولپنڈی،کراچی، شیخوپورہ، شرقپور شریف، لڈن (سٹاف رپورٹر، نمائندگان، 92 نیوزرپورٹ، نیوزایجنسیاں ) نیکٹا نے تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم تنظیموں میں شامل کردیا۔ نیکٹا نے کالعدم ٹی ایل پی کو کسی قسم کی مالی امداد اور خیرات دینے پر پابندی عائد کرتے ہوئے قرار دیا کہ کالعدم ٹی ایل پی کی مالی مدد کو دہشتگردی کی مالی مدد تصور کیا جائے گا۔نیکٹا کی دہشتگرد تنظیموں کی فہرست میں ٹی ایل پی کو 79 ویں نمبر پرشامل کیا گیا ہے ۔ وزارت داخلہ نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے اثاثوں کے تعین کیلئے صوبائی چیف سیکرٹریز کو خط لکھ دیا۔ وزارت داخلہ کے مطابق کالعدم ٹی ایل پی کے اثاثوں کا تعین ہونے کے بعد انہیں منجمد کیا جائے گا۔ وزارت داخلہ اس حوالے سے لائحہ عمل طے کرے گی کہ کالعدم ٹی ایل پی کے اثاثوں کو ضلعی انتظامیہ کے حوالے کیا جائے گا یا انہیں آزاد لوگوں کے حوالے کیا جائے گا۔ سی ٹی ڈی کراچی نے کالعدم ٹی ایل پی کے 16 سوشل میڈیا اکائونٹس کیخلاف قانونی کارروائی کیلئے ایف آئی اے کو خط لکھ دیا۔خط میں کہا گیا کہ سی ٹی ڈی کے سوشل میڈیامانیٹرنگ سیل نے ٹی ایل پی کے 16 اکائونٹس کا پتہ لگایا ہے ،ان اکائونٹس کے ذریعے ریاست مخالف ،نفرت انگیز اور فرقہ ورانہ مواد اپ لوڈ کیا گیا جس سے اشتعال انگیز جذبات پھیلے ۔ مذکورہ اکائونٹس کیخلاف قانونی کارروائی کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے راولپنڈی، ٹیکسلا اور گو جر خان میں احتجاج ، توڑ پھوڑ ، پولیس اہلکارروں پر تشدد کرنے ، املاک کو نقصان پہنچانے اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے میں ملوث کالعدم تحریک لبیک کے 25کارکنوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا جبکہ تین کارکنوں کا 10یوم کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ ضلع شیخوپورہ بھر میں تمام دھرنے ختم ہوگئے جس کے بعد معمولات زندگی اور ٹریفک کی روانی بحال ہوگئی، گزشتہ رات گئے پولیس اور رینجرز کے دستوں نے سرگودھا روڈ پر قصبہ فاروق آباد کے قریب آپریشن کر کے بڑی نہروں پر 3 روز سے جاری دھرنا کو ختم کر دیا جہاں شدید جھڑپوں کے دوران ایک رینجر کا جوان، ایک پولیس کانسٹیبل زین علی شدید زخمی ہوگئے ،دونوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال میں داخل کر لیا گیا جہاں آر پی او انعام وحید ڈپٹی کمشنر چودھری محمد اصغر جوئیہ اور ڈی پی او غلام مبشر میکن نے ان کی عیادت کی ،اس آپریشن کے بعد مذہبی تنظیم کے متعدد کارکنوں کو گرفتار کیا گیا اور ایک ماہ کے لیے 3 ایم پی او کے تحت ڈسٹرکٹ جیل میں نظر بند کر دیا گیا جس کے بعد ضلع شیخوپورہ کے نظر بند شدہ کارکنوں کی تعداد 112 ہوگئی ہے ۔شرقپور پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر کالعدم تحریک لبیک کے پندرہ کارکن گرفتارکرلیے گئے جبکہ متعدد روپوش ہوگئے ۔ تھانہ لڈن پولیس نے ممتاز بازار میں تحریک لبیک کے کارکن شہزاد عرف شازی گازر کے گھر چھاپہ مارا تو مبینہ طوراسکے بھائی ظہیر امتیاز گازر اور نعمان گازر نے فائرنگ کردی، جواب میں پولیس نے بھی ہوائی فائرنگ کی جس سے علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا۔ پولیس نے مزاحمت پر سیشن کورٹ وہاڑی کے ملازم نعمان مشتاق اور مطلوب کارکن کے بھائی نعمان امتیاز کوگرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔