اسلام آباد ،لاہور ، کراچی ،مظفرآباد( وقائع نگار،سپیشل رپورٹر ،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،جنرل رپورٹر ،سٹاف رپورٹر )پاکستان ،مقبوضہ آزاد کشمیرسمیت دنیا میں بھارتی فوج کے جموں وکشمیر پر قبضے کیخلاف یوم سیاہ منایا گیا ،ریلیاں نکالی گئیں ،احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ،لاہور سمیت کئی شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں ،شرکا نے وزیراعظم مودی اور بھارتی پرچم نذرآتش کئے اور بھارت کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔اسلام آباد میں نکالی گئی ریلی میں سپیکر اسد قیصر، وفاقی وزرا ، سیاسی شخصیات اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی،شرکا سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کشمیری عوام کی استقامت اور جدوجہد آزادی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور کشمیر جلد آزاد ہو گا، پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے ، عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا اپنا وعدہ پورا کرے ، پاکستان ہر پلیٹ فارم پر کشمیریوں کے جائز حق کے لئے آواز بلند کرتا رہے گا ۔وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بھارتی مظالم کے باوجود کشمیر کی تحریک آزادی بڑھتی جارہی ہے ۔ ، بھارت 1947 کے اُس سیاہ دن سے اب تک کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو نہیں دبا سکا۔ بی جے پی کی فاشسٹ حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں بربریت کی تمام حدیں پار کردی ہیں ، بھارتی حکومت کشمیریوں پر مسلسل انسانیت سوز مظالم، جنگی جرائم اور ان کی نسل کشی کر رہی ہے ۔ پاکستان بھارتی قبضے کے خاتمے تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں کہاکہ ہم اس وقت تک کشمیریوں کا ساتھ دیتے رہیں گے جب تک سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق یہ تنازعہ حتمی طور پر حل نہیں ہوجاتا۔ وزیرِ اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کا دور ختم ،آزادی کا سورج جلد طلو ع ہو گا ۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ کشمیر ی عوام کی جدوجہد آزادی جلد کامیابی سے ہمکنار ہو گی ۔ مسلم لیگ (ن) کے صد ر شہبازشریف نے کہا کہ یہ دن آج بھی عالمی ضمیر اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے لئے کھلا چیلنج ہے ،بھارت کو جوابدہی کے کٹہرے میں کھڑا کئے بغیر اقوام متحدہ اور اس کا منشورمظلوم اور قابض افواج کا شکارعوام کے نزدیک محض ایک سنگین مذاق تصور ہوگا ۔ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزادی مقبوضہ کشمیر کی عوام کا حق ہے ،عالمی برادری مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لئے تعاون کرے ، کشمیرسنٹر لاہور کے زیراہتمام پریس کلب لاہو رکے باہر مظاہرہ منعقد کیاگیا ، غلام محی الدین دیوان، سید نصیب اللہ گردیزی، انجینئرمشتاق محمود، راجہ شہزاداحمد اور دیگر رہنمائوں نے خطاب کیا۔یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈاینیمل سائنسز لاہور میں بھی احتجاجی ریلی نکال کر یوم سیاہ منا یا گیا ۔ مظفرآباد سمیت آزاد کشمیرمیں بھی ریلیاں اور جلوس نکالے گئے جن میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور ریاستی دہشت گردی کی مذمت کی۔ سرینگر (نیوز ایجنسیاں ) مقبوضہ کشمیر میں بھی یوم سیاہ کے موقع پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے ،ریلیاں نکالی گئیں، کئی شہروں میں بھارتی فوج مظاہرین پر ٹوٹ پر پڑی ،وحشیانہ تشدد سے کئی کشمیر ی زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر میں مکمل ہڑتا ل رہی ،تمام کاروباری مراکز ،بندرہے جبکہ ٹریفک معطل رہی، سرینگر میں لال چوک کی طرف احتجاجی مارچ کو قابض فو ج نے زبردستی روکدیا ، سرینگر سمیت وادی کے دیگر مقامات پر سیکورٹی کے سخت ترین اقدامات کئے گئے تھے ، جگہ جگہ فوجی اہلکارتعینات کئے گئے تھے ، کئی شہروں میں مظاہرین کی بھارتی فوج سے جھڑپیں ہوئیں، دنیاکی مختلف دارلحکومتوں میں بھی کشمیریوں اور پاکستانیوں نے احتجاج کیا اور ریلیاں نکالیں۔ اٹلی کے شہر میلان میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب میں قونصل جنرل ڈاکٹر منظور اے چودھری نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری ر کھے گا ۔