لاہور،وزیرآباد ، اسلام آباد، پشاور،کراچی (جنرل رپورٹر،نامہ نگار خصوصی ، نامہ نگار، سپیشل رپورٹر،خبرنگار ،سٹاف رپورٹر ، 92 نیوزرپورٹ، نیوزایجنسیاں ) ملک بھر میں 4 ماہ بعد ایک دن میں کورونا کے سب سے زیادہ کیس ریکارڈ ہوئے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سنٹرکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1313 افراد کا کوروناٹیسٹ مثبت آیاجبکہ مزید 18 مریض جاں بحق ہوگئے جن میں سے 16 افراد ہسپتالوں میں اور 2 مریض گھروں میں قرنطینہ کے دوران جاں بحق ہوئے ۔گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 25565 ٹیسٹ کیے گئے ۔ ملک بھر میں متاثرین کی تعداد337573 ہو گئی، 3 لاکھ 16 ہزار 60 افرادصحتیاب ہو چکے ۔ ایکٹو کیسز کی تعداد 14646 ہے ۔ہلاکتوں کی تعداد 6867 ہو گئی۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں کورونا کے 303نئے کیس سامنے آئے جبکہ مزید8ہلاکتیں رپورٹ ہو ئیں۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 8 مریض انتقال کر گئے جبکہ 492 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔ خیبر پختونخوا میں 3مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ مزید133افراد میں وائرس کی تشخیص ہو ئی ۔وفاقی دارالحکومت میں کورونا کے مزید228 کیس سامنے آگئے ۔ ڈی ایچ او نے ٹوئٹر پر بتایا اسلام آباد میں 2958 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 7.7 کی شرح سے 228 مثبت آئے ۔ اسلام آباد میں مزید دو تعلیمی ادارے سیل کر دیے گئے ۔ اسلام آباد ماڈل سکول جی ایٹ ون میں 2 اور اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز ایف سیون فور میں6 کیس رپورٹ ہوئے ۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل عرفان ضیاء کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا،انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا۔گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بھوگن کی ہیڈ مسٹریس رانی رقیہ کورونا کا شکار ہوگئی۔قائد اعظم ٹرافی میں بلوچستان کے وکٹ کیپر بلے باز بسم اللہ خان کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ۔ سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے چھوٹے بھائی اور پیپلز پارٹی تحصیل گوجرخان کے سرپرست اعلیٰ راجہ جاوید اشرف کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آ گیا ۔گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سوہدرہ کی 7 طالبات کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر سکول کو قرنطینہ قرار دیدیا گیا ۔وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا اجلاس ہوا جس میں کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز اور کاروباری اوقات کار میں کمی کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا تعلیمی ادارے بند کرنے کا تاحال کوئی پلان نہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاموجودہ صورتحال میں احتیاط نہ کی گئی تو ہم اپنے آپ کو مشکل میں ڈال لیں گے ۔ وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا جب تک ممکن ہو گا تعلیمی ادارے چلتے رہیں گے ۔ہمیں معیشت کو بھی ساتھ ساتھ لیکر چلنا ہے ۔تعلیمی اداروں میں کورونا کیسسز کی بڑھتی ہوئی تعدادکے پیش نظروفاقی حکومت نے بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس آج طلب کر لی جس میں موسم سرما کی چھٹیاں دینے یا نہ دینے اور تعلیمی سال اپریل کی بجائے یکم اگست تک بڑھانے پر بھی غور ہوگا۔خیبر پختونخوا میں پارک شام 6بجے ،مارکیٹیں،شادی ہالز، ریسٹورنٹس رات 10 بجے بندکرنیکافیصلہ کرلیا گیا ۔صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا نے کوروناکیسزوالے علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کاحکم دیدیا۔ادھر دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد48,174,576جبکہ ہلاکتیں 1,225,323 ہو گئیں۔روس میں بدھ کے روز ریکارڈ19768 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔ اے ایف پی کے مطابق یورپ میں کورونا متاثرین 11 ملین سے متجاوز جبکہ ہلاکتیں 3لاکھ کے قریب ہو گئی ہیں۔ اٹلی نے رات کا کرفیو نافذ کر دیا ۔ ہالینڈ اور ہنگری نے بھی پابندیاں مزید سخت کر دیں۔آسٹریا میں جزوی لاک ڈاؤن جبکہ یونان نے بڑے شہروں کو بند کردیا۔ ڈنمارک کے وزیر انصاف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وزیراعظم میٹ فریڈرکسن اور دو تہائی کابینہ ارکان قرنطینہ میں چلے گئے ۔ تھائی لینڈ پہنچنے والے ہنگری کے وزیر خارجہ کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔ برطانوی پارلیمنٹ نے ملک میں ایک ماہ کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی منظوری دے دی، لاک ڈاؤن قوانین کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔کویت کے وزیر صحت نے جزوی کرفیو یا مکمل لاک ڈاؤن لگانے کی تجویز دے دی ۔