اسلا م آباد ،لاہور،پشاور،کراچی ،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، 92 نیوز رپورٹ، بیورو رپورٹ، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید72افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد8796ہو گئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 3369نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد438425ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد46629ہو گئی،2471مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ383000صحتیاب ہو چکے ۔ملک کے چار بڑے شہروں میں تشویشناک حالت کے مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی، ملتان میں 58 فیصد مریض وینٹیلیٹرز پر ہیں جبکہ اسلام آبادمیں 52، پشاورمیں 28 اور لاہور میں 37 فیصد مریض وینٹیلیٹر پر ہیں۔ اموات کے اعتبار سے پنجاب ملک میں پہلے اور سندھ دوسرے نمبر پرہے ۔معروف عالم دین مولانا طارق جمیل بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے اور ان کوسی ایم ایچ راولپنڈی منتقل کردیا گیا۔مولانا طارق جمیل نے سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک پر بتاتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں زیر علاج ہوں۔ چند روز سے طبیعت خراب تھی اور ٹیسٹ کرانے پر کورونا کی تصدیق ہوئی۔علاوہ ازیں انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی پیغام میں لوگوں سے صحتیابی کیلئے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی۔مسلم لیگ ن کی رکن خیبرپختونخوا اسمبلی ثوبیہ شاہد بھی کورونامیں مبتلاہوگئیں۔ثوبیہ شاہدپشاورسے پی ڈی ایم جلسے میں شرکت کیلئے لاہورآرہی تھیں،تاہم راستے میں کوروناٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے کی اطلاع ملنے پر وہ پنڈی بھٹیاں سے واپس چلی گئیں اور خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا، مگرانکاقافلہ جلسہ گاہ پہنچ گیا۔قبل ازیں ثوبیہ شاہد ٹول پلازہ پر کارکنوں کیساتھ رہیں اور امیر مقام سے بھی ملیں جبکہ دیگر خواتین کیساتھ گھل مل گئی تھیں۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید31مریضوں کی جان چلی گئی اور اموات کی تعداد3351ہوگئی جبکہ686نئے کیس سامنے آگئے ۔ لاہورمیں 338،راولپنڈی46، بہاولپور54،ملتان 13، سرگودھا43، فیصل آبادمیں 24کیسز رپورٹ ہوئے ۔ادھرکورونا سے خیبر پختونخوا میں پروفیسر ڈاکٹر الماس بیگم آفریدی اورپروفیسر ڈاکٹر حسن شہزاد بھی جاں بحق ہوگئے ۔ ڈاکٹر الماس بیگم پشاور کے نجی ہسپتال اور ڈاکٹر حسن شہزاد ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں زیر علاج تھے ۔صوبہ میں کورونا سے شہید ڈاکٹروں کی تعداد 31 ہوگئی۔ کورونا کیسزرپورٹ ہونے پرپشاور کے 4 مقامات رشید آباد ، گل بہار ،حیات آباد اور سیٹھی ٹائون کے مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون نافذ کیا گیا۔دنیا بھر میں ہلاکتیں16لاکھ16ہزارسے زائدہوگئیں۔امریکہ کے پہلے بلیک سپر سٹار میوزک لیجنڈ چارلی پرائڈ بھی کورونا کے باعث چل بسے ،انکی عمر 86 برس تھی اور شدید علیل تھے ۔ امریکہ میں کورونا کے باعث اب تک 3 لاکھ 5ہزار افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔