لاہور؍ اسلام آباد(رپورٹنگ ٹیم،نمائندگان 92 نیوز)پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 4 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعدملک میں اموات کی تعداد 47 ہوگئی جبکہ389 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد3160 تک جاپہنچی،ڈیرہ غازیخان میں 11 ڈاکٹر بھی مرض کا شکار ہوگئے ہیں۔گزشتہ روز سوات میں کورونا سے 2 افراد جاں بحق ہوئے ، پنجاب، سندھ میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ۔ پنجاب میں 293، سندھ میں 51، خیبرپختونخوا میں 33،بلوچستان، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں 3، 3 کیسز کی تصدیق ہوئی۔پنجاب میں مریضوں کی مجموعی تعداد 1380،سندھ میں 881، خیبرپختونخوا میں 405،بلوچستان میں 189، گلگت بلتستان میں 206،اسلام آباد میں 78 ہوگئی۔سیالکوٹ میں 4 مریضوں، کیمپ جیل لاہور میں مزید 26 قیدیوں میں وائرس کی تصدیق ہوگئی۔قومی ائیر لائن کے شعبہ انجینئرنگ کے ایک اہلکار میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد انجینئرنگ شعبہ میں خوف وہراس کی لہر دوڑ گئی ۔ڈیرہ غازیخان کی 3 ایل ایچ وی کے علاوہ ڈیرہ غازی خان ٹیچنگ ہسپتال میں وائی ڈی اے کے صدر ڈاکٹر حافظ نعمان،ڈاکٹر شعیب، ڈاکٹر حسنین،ڈاکٹر رابعہ،ڈاکٹر احتشام الحق،ڈاکٹرعرفان،ڈاکٹراقرالطیف،ڈاکٹر عاقب،ڈاکٹر ارسلان، ڈاکٹر حشمت، ڈاکٹرمحمدابراہیم، ڈاکٹر عدنان فیض اور نجی کلینک کے ڈاکٹر جمشید سعید قریشی میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ، ان ڈاکٹرز کو فوری طور پر ڈاکٹرز کالونی کے ہاسٹل میں قرنطینہ کر دیا گیا ہے ۔ ملتان کے تغلق ٹاؤن میں کوروناوائرس کے باعث نشترہسپتال میں انتقال کرجانے والے عطاء اللہ کے گھر کو قرنطینہ میں تبدیل کرتے ہوئے سیل کر دیا گیا ۔61 سالہ عطاء اللہ کاانتقال چندروز قبل ہواتھا تاہم کورونا وائرس کی تصدیق تدفین کے بعد ہوئی جس پر عطاء اللہ کے عزیز و اقارب کی سکریننگ کی گئی تو اس کے بھتیجے 29 سالہ سیف میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی ہے ۔قرنطینہ سنٹر ملتان میں14 روز مکمل کرنیوالے 105 زائرین کو مظفرگڑھ کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیاگیا ،ان زائرین کے دوبارہ ٹیسٹ کئے گئے ہیں ،جن کارزلٹ آنے کے بعد گھروں کو منتقل کیا جائیگا۔ بلوچستان میں حفاظتی کٹس اور طبی آلات کی عدم فراہمی کے خلاف ینگ ڈاکٹرز نے احتجاج شروع کردیا ، سول اور بی ایم سی ہسپتال میں ایم ایس کے دفاتر کو غیر معینہ مدت کے لئے بند کرادیا گیا۔ ترجمان حکومت بلوچستان نے کہا کہ حکومت ڈاکٹروں کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے ۔ایران سے مزید 23 پاکستانی تفتان بارڈر پہنچ گئے ، محکمہ صحت کی جانب سے سکریننگ اور طبی چیک اپ کے بعد انھیں تفتان قرنطینہ منتقل کردیا گیا۔ایران سے تفتان بارڈر آنے والے 1160 زائرین قرنطینہ سنٹر میں مدت پوری کرنے کے بعد اپنے گھروں کو واپس روانہ ہوگئے ۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق ملتان سے 323 افرادکا قافلہ گوجرانوالہ پہنچا ۔ایران سے آنے والے مزید21زائرین کو فیصل آباد میں جھنگ روڈپرجی سی یونیورسٹی قرنطینہ مرکزمیں منتقل کردیا گیا ۔سندھ میں لاک ڈائون کے باعث غریبوں اورمزدو رپیشہ افراد کی زندگی اجیرن ہوگئی۔خیرپور میں 17 ہزار افراد پرمشتمل ایک یونین کونسل کو صرف راشن کے 29تھیلے دیئے گئے ،جامشورو میں راشن کی تقسیم پر ایم این اے اور ڈپٹی کمشنر الجھ پڑے ۔ مردان کی یونین کونسل منگاہ کے 109افراد کے کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد متاثرہ یونین کونسل کے 29 چھوٹے دیہات میں لاک ڈا ئون ختم کردیا گیا۔سکھرقرنطینہ سنٹرمیں مزید66زائرین مکمل صحتیاب قراردیدیئے گئے ۔ واشنگٹن(نیٹ نیوز؍ نیوز ایجنسیاں)دنیابھر میں کورونا کے مزید65 ہزار کیس سامنے آگئے جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد ساڑھے 12 لاکھ سے زائد ہوگئی جبکہ گزشتہ روز 4400سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ، اموات کی مجموعی تعداد 69ہزار سے زائد ہوگئی ہے ۔امریکہ میں 21 ہزار سے زائد نئے کیس رپورٹ ہوئے جبکہ1076ہلاکتیں ہوئی ہیں، یہ امریکہ میں مسلسل پانچویں دن ہزار سے زائد افراد کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ برطانیہ میں 621، سپین میں مزید 471، اٹلی 525، فرانس میں 518، جرمنی میں 131،چین میں تین ، ایران میں 151،سوئٹزرلینڈ میں 19،بیلجیئم میں 164،نیدرلینڈز میں 115 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ دریں اثنا برطانوی وزیراعظم بورس جانسن میں کورونا کی علامات برقرار رہنے پر انہیں ہسپتال داخل کرادیا گیا۔ان کی منگیتر میں بھی کورنا کی علامات ظاہر ہو رہی ہیں ۔سعودی عرب کی وزارت صحت کے ترجمان محمد العبد العالی نے بتایا ہے کہ مملکت میں کورونا کے مزید 140 کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد کل متاثرہ افراد کی تعداد 2179 ہوگئی ۔ ترجمان سے پوچھا گیا کہ آیا کورونا کی وبا سے فوت ہونے والے افراد کی میتوں کو غسل دینے سے بیماری مزید پھیل سکتی ہے ؟ تو انہوں نے کہا اس میں کوئی شک نہیں کہ میت کی تدفین تک تمام مراحل عزت واحترام کے ساتھ انجام دیئے جانے چاہئیں، تاہم مردے کو غسل دینے کا عمل پیشہ ور افراد کو کرنا چاہئے ۔جدہ میں سبزی منڈی میں آنے والوں کے ٹمپریچر کی مانیٹرنگ کے لئے ڈرون کا استعمال شروع کر دیا گیا۔ادھر امریکہ کے اتحادیوں کو شکایت ہے کہ عالمی طاقت ضروری طبی آلات کی سپلائی میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے حالانکہ وہ ان معاہدوں پر پہلے ہی دستخط کرچکے ہیں۔ایک کروز شپ امریکی ریاست فلوریڈا پہنچ گیا، شپ پر 12 کورونا مریض ہیں جبکہ 2 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔برطانیہ سمیت مغربی ممالک میں سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ فائیو جی اور ریڈیو سگنل بھی کورونا وائرس کو پھیلانے کا کام کر رہے ہیں،ایسی افواہیں پھیلنے کے بعد برطانیہ کے متعدد شہروں میں لوگوں نے فائیو جی ٹاورز کو ہی آگ لگادی ہے ۔ملائیشیا میں لاک ڈائون کی خلاف ورزی پر 4 ہزار افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔سری لنکن حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے تقریبا 2900 قیدیوں کو رہا کیا جا چکا ہے ۔متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے مرکزی بینک نے کورونا وائرس کے تناظر میں خلیجی ریاستوں کے معاشی بحران کو سہارا دینے کے لئے مجموعی طور پر 70 ارب ڈالر کے امدادی پیکج کا اعلان کردیا ہے ۔