اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ سے اسلام آباد کے کیبل آپریٹرز کے وفد نے پیمرا ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی ۔ اس موقع پرچیئرمین پیمرا نے کیبل آپریٹرز کے نمائندگان کو غیر قانونی ڈی ٹی ایچ اور انڈین چینلز / موادسے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات اور اس سلسلے میں جاری آپریشن سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے کاروبار کو تمام غیر قانونی سرگرمیوں سے پاک اور اپنی نشریات کو پیمرا قوانین کے مطابق بنائیں بصورتِ دیگر پیمرا جلد آپریشن کا دائرہ کار بڑھا دے گی اور کسی بھی طور غیر قانونی عمل کی اجازت نہیں ہو گی۔ چیئرمین پیمرا نے کیبل آپریٹرز کے تما م جائز مطالبات کو جلد از جلد منظور کرنے اور انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مدد اور معاونت کرنے کا یقین دلایا اور ہدایت کی کہ عوام کو بہترین سروس کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے ان تمام چینلز کی ترسیل کو بند کیا جائے جو ہماری مذہبی ، معاشرتی اور سماجی اقدار پر پورا نہیں اترتے ۔ اس بات کا بھی خاص خیال رکھیں کہ ایسے تمام پیغامات جو کہ معاشرے میں آگاہی پیدا کرنے میں کارآمد ہیں جیسا کہ ڈیم فنڈز کے متعلق مفادِعامہ کے پیغامات، صاف و سرسبز پاکستان اور ٹریفک قوانین کے متعلق پیغامات کی ترسیل کو یقینی بنائیں تاکہ ایک ذمہ دار معاشرہ عمل میں لایا جا سکے ۔