اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)الیکشن کمیشن سکروٹنی کمیٹی نے ڈونرز کی تفصیلات جمع کرانے کیلئے مسلم لیگ (ن)کوآخری موقع دیتے ہوئے 23دسمبر کو دوبارہ اجلاس طلب کر لیا ۔ پیپلزپارٹی کو بھی 23دسمبر کو دوبارہ طلب کر لیا گیا ۔ بدھ کو مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی فارن فنڈنگ کی چھان بین کے معاملہ پرڈی جی لاء الیکشن کمیشن کی سربراہی میں تین رکنی سکروٹنی کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے جونیئر وکیل سکروٹنی کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے ،پیپلزپارٹی کے وکیل شہباز کھوسہ بھی کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے ۔ درخواست گزارپی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب بھی سکروٹنی کمیٹی میں پیش ہوئے ۔مسلم لیگ ن آج بھی ڈونرز کی تفصیلات پیش نہ کرسکی۔الیکشن کمیشن کی سکرونٹی کمیٹی نے ن لیگ کو تفصیلات جمع کرانے کیلئے آخری موقع دیدیا،سکروٹنی کمیٹی نے ن لیگ کو ہدایت کی ہے کہ 23دسمبر تک ڈونرزکے شناختی کارڈ نمبرز کی تفصیلات پیش کرے ۔ کمیٹی نے پیپلزپارٹی کو بھی 23دسمبر کو دوبارہ طلب کر لیا۔پیپلزپارٹی کے وکیل شہباز کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ تحریک انصاف سے تحقیقات شروع کی جائیں۔یہ کس بنیاد پر کہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی نے فارن فنڈنگ کی۔ہم پہلے ہی کہہ چکے ہیں ہم نے غیر ملکی فنڈنگ نہیں لی۔پیپلز پارٹی پاکستان کی جماعت ہے ،اسکا کوئی بیرون ملک اکاؤنٹ ہے نہ کمپنی۔سکروٹنی کمیٹی نے دوبارہ 23 دسمبر کو دن ایک بجے بلایا ہے ۔