کراچی(سٹاف رپورٹر)چیئرمین پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سیدمصطفی کمال نے کہاہے کہ کراچی کے کاروبارکوکوروناکی آڑ میں تباہ کردیاگیا، سندھیوں کوبھی لاکھوں روپے لے کرنوکری دی جارہی ہے ،گونیازی کے ساتھ گوزرداری گوبھی کہناپڑے گا، نسلہ ٹاورکے متاثرین کومارکیٹ ریٹس پرمعاوضہ دیں۔ گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ رکشہ چلانے والے ڈرائیور کو ایف 16 جہاز دے دیا گیا ہے ، یہ جہاز بھی تباہ کرے گا اور رن وے بھی توڑ دے گا، ملک ایسے چلتے ہیں ؟، تین سال میں تبدیلی نہیں تباہی آئی، مہنگائی اور بے روز گاری میں مسلسل اضافہ ہوا، ملک میں ہر چیز بربادی کی داستان سنا رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان تبدیلی کا کہہ کر ملک میں تباہی لے آئے ، انہوں نے جس کام میں ہاتھ ڈالا اسے خراب کیا ، جس چیز کا نوٹس لیا اسے تباہ کر کے رکھ دیا ، یہ جو تنقید سابقہ حکومتوں پر کرتے تھے خود ان سے بھی آگے نکل گئے ۔ایسا لگتا ہے پاکستان کے عوام حکومت کی جاگیر ہیں، گورنراسٹیٹ بینک نے توحد کردی روپے کی تنزلی کوبھی پی ٹی آئی کی کارروائی گنوایا،تحریک لبیک کا معاملہ بھی انہوں نے بگاڑدیا ہے ۔پاکستان میں تین سال،سندھ میں 13 سال سے کچھ بھی ٹھیک نہیں ہورہا۔مصطفی کمال نے کہاکہ دونومبرکو کراچی کے ضلع وسطی میں احتجاج ہوگا اس میں اگلے لائحہ عمل کااعلان کیاجائے گا۔