لاہور، کراچی، نیلم ، مری (اپنے سٹاف رپورٹر سے ، سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں ) نیلم میں شدید طوفانی برفباری سے 14 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ، کاروبار ذندگی درہم برہم ہوگیا، کئی مقامات پر مسافر پھنس گئے ، لنک روڈ گلیشر ،کہر ،سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ، شاردہ تاوبٹ شاہراہ نیلم مکمل بند ہوگئی، سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے مقامی آبادی گھروں میں محصور ہوکر رہی گئی ہے ، بالائی نیلم میں 7 سے 8 فٹ برف اور وسطی نیلم میں 4 فٹ تک برف ریکارڈ کی گئی۔ لاہور میں شدید سردی کی لہر برقرار رہی، صبح کے وقت ہلکی دھند رہی، دوپہر کو سورج کی کرنوں نے دھند کم کردی، محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہا تاہم گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی، آج منگل کے روزملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہیگا، پنجاب کے میدانی علاقوں، پشاور ڈویژن اور بالائی سندھ میں بعض مقامات پر دھند کا امکان ہے ، سرد ترین مقامات کادرجہ حرارت سکردو منفی 15،کالام، استور منفی 12،گوپس منفی 08، بگروٹ، ہنزہ منفی 07، دیر، مالام جبہ، پارہ چنار،کوئٹہ، قلات منفی 05،مری، راولاکوٹ منفی 04 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، لاہور میں کم از کم پارہ 4 سنٹی گریڈ تھا، شہر میں آج موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے ۔ شہر قائد میں سائبیرین ہوائیں چلنے سے موسم سرد ہوگیا اور درجہ حرارت میں کمی آگئی، ملکہ کوہسار مری میں برف باری کے دوران سنو گالا فیسٹول منایا جا رہا ہے ، ٹریفک پولیس کے مطابق ویک اینڈ کے دوران 97 ہزار سے زائد گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں۔