اسلام آباد،راولپنڈی(92نیوزرپورٹ، رپورٹر 92نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) تحریک انصاف نے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا امکان ظاہر کردیا۔ شیخ رشید اور فواد چودھری نے کہا ہے کہ چوروں اور ڈاکوؤں کیساتھ اسمبلی میں نہیں بیٹھ سکتے ،پی ٹی آئی کور کمیٹی متفق ہے کہ اگر شہباز شریف وزیراعظم منتخب ہوئے تو ہم مستعفی ہوجا ئینگے ۔گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف انصاف اورسابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہواجس میں کور کمیٹی ممبرز، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ، گورنرز اور پارٹی کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا اور وزیراعظم کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے متعلق بھی مشاورت ہوئی۔ اجلاس میں تحریک انصاف کی بطور اپوزیشن پارٹی حکمت عملی طے کی گئی اور کور کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ ایوان کے اندر اور باہر تحریک انصاف موثر اپوزیشن کا کردار ادا کریگی۔کور کمیٹی اجلاس میں ملک بھر میں پر امن احتجاج سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور آج سے شروع ہونیوالی عوامی رابطہ مہم پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف منگل کے روز پشاور میں بڑا جلسہ عام کریگی، پشاور جلسہ سے عمران خان عوامی رابطہ مہم کا آغاز کرینگے ۔اجلاس میں پارٹی کی تنظیم سازی جلد مکمل کرنیکا فیصلہ کیا گیا ۔ کورکمیٹی نے کہا کہ اگلے انتخابات کے ٹکٹوں کی تقسیم کیلئے پارلیمانی بورڈ کو متحرک کیا جائے ۔پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ہم تمام افراد قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے جارہے ہیں، ہم چوروں اور ڈاکوؤں کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتے ، شہباز شریف کیساتھ شریک نہیں ہوسکتے ، سب نے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا ہے کہ مستعفی ہونگے ۔میڈیا سے گفتگو میں فواد چودھری نے کہا کہ کور کمیٹی میٹنگ میں تمام صورتحال کا بھرپور جائزہ لیا گیا، کور کمیٹی متفق ہے کہ حکومت کی تبدیلی بین الاقوامی رجیم چینج آپریشن تھا جو پاکستان میں ہوا، لیٹر گیٹ کی دستاویز سپیکر، صدر سپریم کورٹ کو بھیج دی ہے ، کوئی غیرت مند یہ قبول نہیں کریگا کہ اسکے فیصلے باہر سے کئے جائیں۔ کسی بھی ملک کی غلامی کا سب سے بڑا ثبوت باہر سے فیصلے ہونا ہے ، لگتا ہے 1940ء کی طرح عوام کو آزادی کی جدوجہد دوبارہ کرنی ہوگی۔ ظلم کی بات ہے کہ شہباز شریف پر 16 ارب کی کرپشن کا کیس ہے ، جس دن ان پر فرد جرم عائد ہونی ہے اس دن وہ پاکستان کے وزیراعظم بننے کیلئے الیکشن لڑ رہے ہونگے ، اس سے زیادہ پاکستان کیلئے توہین آمیز بات کوئی نہیں ہوگی، ایک بیرونی حکومت پاکستان پر مسلط کردی جائے جس کا سربراہ شہباز شریف ہو۔ کور کمیٹی نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ ہمیں اسمبلیوں سے مستعفی ہوجانا چاہئے ، ابتدا قومی اسمبلی سے کررہے ہیں۔متعدد ارکان کے استعفے پہلے ہی جمع ہوچکے ہیں۔ سابق وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان کا ہر فرد سوچ رہا ہے کہ کیا ٹی ٹی کیسز پر بھی راتوں کوعدالتیں کھلیں گی، آصف علی زرداری پر پاپڑ والے ، فالودے والوں کے کیسز ہیں، عوام فیصلہ کر بیٹھے ہیں کہ عمران خان کی قیادت میں غلامانہ سوچ کیخلاف جدوجہد کرینگے ۔ علاوہ ازیں نجی ٹی وی سے گفتگو میں فوادچودھری نے کہا کہ آج ووٹنگ کے بعد تحریک انصاف کے ارکان استعفے دیدینگے ،پارلیمانی اجلاس میں تمام ارکان کے استعفے عمران خان کے حوالے کردیئے جائینگے ۔پرویزالہٰی کی بھی یہی رائے ہے کہ استعفے دیدیئے جائیں،پارلیمنٹ کاموجودہ سسٹم باہرسے مسلط کیاگیاہے ،الیکشن میں جائے بغیراس بحران کاحل نہیں ہوسکتا۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا ، فیصلہ کیا گیا ہے کہ خالی میدان چھوڑا تو نئی حکومت کو مرضی کی قانون سازی میں سہولت ہوگی، 29 ارکان کیساتھ عمران خان نے ماضی میں بھرپور مقابلہ کیا۔ پی ٹی آئی ارکان نے کہا کہ اب 140 سے زیادہ ہیں، بھرپور اپوزیشن کرینگے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہم نے ابتک استعفے دینے کا فیصلہ نہیں کیا، استعفوں کا فیصلہ عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ہوگا۔ ذرائع کے مطابق احتجاج کے باعث عمرا ن خان کے زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ملتوی کردیا گیا جو کہ آج 2 بجے پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا۔ لاہور،راولپنڈی،فیصل آباد،لندن(92نیوزرپورٹ،غلام حسین اعوان،رپورٹرز،نمائندگان،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) سابق وزیر اعظم عمران خان کی کال پر ملک بھر میں تحریک انصاف کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور پی ٹی آئی کی حکومت کے خاتمہ کیخلاف بھرپور احتجاج کیا جبکہ عمران خان سے اظہار یکجہتی کیا۔ برطانیہ،فرانس ،سپین ، اٹلی اور بعض دیگر ممالک میں بھی عمران خان کے حق میں مظاہرے کئے گئے ۔گزشتہ روز لاہور کے لبرٹی چوک میں پی ٹی آئی کارکنان کی بہت بڑی تعداد نے مظاہرہ کیا جس میں موبائل لائٹیں جلا کر عمران خان سے بھر پور اظہار یکجہتی کیا گیا۔کارکنوں نے شدید نعرے بازی بھی کی۔اسلام آباد کے زیرو پوائنٹ اور ایف نائن پار ک میں بھی تحریک انصاف کا مظاہرہ ہوا جس میں عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔کے پی اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں بھی مظاہرے گئے گئے ۔حیدر آباد، بدین، ٹھٹھہ، مٹیاری میں بھی کارکن سراپا احتجاج رہے ۔گوجرانوالہ، چیچہ وطنی، کوہاٹ،کراچی اور دیگر شہروں میں بھی مظاہرے کئے گئے ۔کراچی میں ڈالمیہ روڈ پر مظاہرے سے فردوس شمیم اور دیگر رہنمائوں نے خطاب کیا۔ فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے احتجاجی ریلیاں نکالیں اور گھنٹہ گھرچوک میں پہنچ کر مظاہرہ کیاجس میں ایم این اے میاں فرخ حبیب، ایم پی ایز خیال کاسترو، عادل گجر، میاں وارث، شکیل شاہد سمیت پی ٹی آئی کے دیگر مقامی رہنما بھی شریک ہوئے ۔جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،گوجرہ،سندھیلیانوالی اورچک جھمرہ میں بھی مظاہرے کئے گئے ۔ ساہیوال ، دیپالپور، شکر گڑھ، کامونکی، چکوال، ایبٹ آباد،ٹوبہ ٹیک سنگھ، کمالیہ، اوکاڑہ، خوشاب، نوشہرو فیروز، سانگھڑ، گھوٹکی، میر پور ماتھیلو، خیر پور، پیر محل، چنیوٹ، جھنگ، سوات، ملتان، مظفر گڑھ، مینگورہ، گجرات، الہ آباد، چونیاں، قصور، پسرور، سیالکوٹ، ڈسکہ، سمبڑیال، پھالیہ ، بہاولپور، شاہپور چاکر، جیکب آباد، روجھان،کبیر والا، ڈی جی خان، علی پور، میانوالی، ننکانہ صاحب، کوئٹہ اور ملک کے دیگر شہروں میں بھی تحریک انصاف کے کارکنوں نے عمران خان سے بھر پور یک جہتی کا اظہار کیا۔مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور عمران خان کے حق میں اور اورشہباز شریف آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمٰن کیخلاف نعرے لگا۔ پشاور اورڈیر ہ اسماعیل خان سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاجی ریلیاں بھی نکالیں۔راولپنڈی میں لا ل حویلی کے باہر شیخ رشید کی کال پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے مظاہرے سے خطاب میں کہا کہ پنڈی کے غیرت مند اور خود دار عوام عمران خان کیساتھ کھڑے ہیں۔جس پر فرد جرم لگنی تھی وہ ڈاکو صبح وزیر اعظم بننے جارہا ہے ۔ آج تمام چور اکٹھے ہوگئے ہیں۔عمران خان سے بات کی کہ اسمبلی سے سب استعفے دیں۔ عمران خان کی حمایت میں جیل بھرو تحریک کا اعلان کرتا ہوں ۔ عہد کرتا ہوں کہ امپورٹڈ حکومت کو ختم نہ کیا تو میرا نام شہباز شریف رکھ دینا۔تیاری کرلو، اسی ماہ ملکی سیاست کا نقشہ بدل جائیگا۔ پیپلز پارٹی ن لیگ اور ن لیگ پیپلز پارٹی کا نام نہیں سننا چاہتے تھے ۔ امریکی کہتے ہیں کہ پاکستانی ڈالر کے بدلے اپنی ماں بھی بیچ دیتے ہیں۔اسٹیبلشمنٹ سے کہتا ہوں کہ شہباز شریف نے فائلیں تبدیل کیں تاکہ فرد جرم عائد نہ ہو۔ بیوروکریٹس ن لیگ کی فائلیں بدلتے رہے ہیں۔ ملک خانہ جنگی کے حالات ہیں فوری انتخابات ہونے چاہئیں۔ بلاول کراچی سے نکلے تھے ، ہم راولپنڈی سے نکلیں گے ۔ کراچی سے لے کر درہ خیبر تک نکلوں گا۔عمران خان کیساتھ کھڑے رہنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ چیف الیکشن کمشنر نے جو کہا کہ سات ماہ الیکشن نہیں ہوسکتے ، قربان جائوں۔ ملک میں پھر دہشتگردی کے خطرات ہیں۔ ہر روز لال حویلی سے جیل بھرو تحریک چلائینگے ۔شہباز شریف 16ارب کرپشن کا کیس ٹھیک کررہا ہے ،عمران خان کو یہودیوں کا ایجنٹ اور سلیکٹیڈ کہتے تھے ۔گینگ آف تھری فضل الرحمٰن ، شہباز ، زرداری ٹی وی پر آئے توچینل بدل دیتے ہیں۔پاک فوج کیخلاف بات نہیں سن سکتا مگر آپ بھی قوم کی آواز سنیں۔ملک میں غیر ملکی سازش کے تحت عمران خان کو نکالا گیا ہے ۔غیر ملکی طاقتیں نہیں چاہتیں کہ ایک مقبول لیڈر ملک میں موجود ہو۔عمران خان کو اس وقت اکیلا چھوڑنا بد دیانتی اور غداری سمجھتا ہوں۔جس دن عمران خان نالہ لئی کا افتتاح کرنیوالے تھے اسی روز حکومت کو ختم کردیا گیا۔سیاست سے دستبردار ہونے کے بجائے پہلے سے بھی زیادہ سیاست میں حصہ لوں گا۔آج راہول گاندھی نے مودی کو ٹویٹ کیا جو قوم دس ارب روپے میں بک جاتی اس کیلئے توپیں ٹینک کیوں لئے ۔پاک فوج اور اسٹیبلشمنٹ سے کہتا ہوں آپ درمیان میں آئیں اور 90 دنوں میں انتخابات کرائیں ورنہ خانہ جنگی ہوگی، ہاتھ جوڑ کر اپیل کرتا ہوں اگر ہم نے استعفیٰ دئیے تو یہ اکیلے ملک نہیں چلا سکتے ۔ میں پیشگوئی کر رہا ہوں 29 تاریخ سے پہلے کوئی معجزہ ہو گا۔ عمران خان کی کال پر راولپنڈی کے ارکان صوبائی اسمبلی نے اپنے کارکنوں کے ہمراہ لیاقت باغ اور مری روڈ پر نئی حکومت کیخلاف احتجاج کیا اور امریکہ مخالف شدید نعرے بازی کی، اس موقع پر مری روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ قبل ازیں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت ،صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ریونیو چودھری عدنان ،ممبر صوبائی اسمبلی اعجاز خان جازی ،صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ ،سابق ایم پی اے عارف عباسی ،چیئرمین پی ایچ اے آصف محمود کی قیادت میں بڑی ریلیاں لیاقت باغ پہنچیں ۔ رہنمائوں نے تقاریر میں کہا کہ اپنے آزاد ملک میں کسی بیرونی آقا کو مداخلت اور امریکہ کو اپنی حکومتیں تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دینگے ۔ امپورٹڈ حکومت کو کسی صورت قبول نہیں کرینگے ۔ آزاد ملک کے فیصلے پاکستانی عوام کرینگے ۔ ادھربرطانیہ،فرانس ،سپین ، اٹلی اور دیگر ممالک میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں نے عمران خان کی حکومت کے خاتمے کیخلاف مظاہرے کئے ۔برطانوی دارالحکومت لندن کے ہائیڈپارک میں پی ٹی آئی کارکنوں نے مظاہرہ کے دوران عمران خان کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔مظاہرے میں سول سوسائٹی کے ارکان،عورتوں ،بچوں اور بزرگوں نے بھی شرکت کی۔ ہائیڈ پارک میں تحریک انصاف کے مقامی قائدین صاحبزادہ جہانگیر چیکو اور دیگرنے عمران خان کے حق میں خطاب کیا اورمتحدہ اپوزیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔بعدازاں مظاہرین پر جوش انداز میں ریلی کی صورت میں لندن میں نوازشریف کی رہائشگاہ ایون فیلڈ میں کے باہر پہنچے احتجاج کیا، پی ٹی آئی کارکنان نے ’’ امپورٹڈ گورنمنٹ نامنظور‘‘کے نعرے لگائے ، اس موقع پر ن لیگی حامیوں سے تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔کسی بھی صورتحا ل سے نمٹنے کیلئے لندن پولیس الرٹ ہوگئی اورایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر پہنچ گئی۔مقامی پولیس نے فوری طور پر دنوں فریقین کے درمیان حصار بنا لیا تاکہ کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہ آسکے ، تاہم ایون فیلڈ عمارت کے باہر مظاہرین دیر تک ایک دوسرے پر فقرے سکتے رہے ۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کی جانب سے ڈھول کی تھاپ پر جشن منایا گیا مگر دوسری جانب مظاہرین نے شدید نعرے بازی اور عمران خان کو واپس لاؤ کا مطالبہ کیا گیا ۔ ایون فیلڈ مظاہرے بعد مشتعل مظاہرین نے ریلی کی ہی صورت میں لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر مظاہرہ کیا اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ۔ آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے عمران خان کے حق میں مظاہرہ کیا گیا۔