کراچی (کامرس رپورٹر)اسٹیٹ بینک کی جانب سے برآمدی شعبوں اور مینوفیکچرنگ صنعتوں کو سہولت دینے کے اقدامات کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت برآمدکنندگان کے ساتھ ساتھ مینوفیکچرنگ شعبوں کو مزید سہولت دینے کی کوششوں کے سلسلے میں اسٹیٹ بینک نے برآمدکنندگان کو اپنے برآمدی سامان کی شپنگ کی دستاویزات کسی حد کے بغیر اپنے بیرونی خریداروں کو براہ راست بھجوانے کی اجازت دی ہے ، جو اس بات سے مشروط ہو گی کہ برآمدکنندگان کے برآمدی واجبات ایک فیصد سے کم ہوں اور وہ ایکسپورٹر گذشتہ تین برسوں میں کم از کم 5 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات کر چکا ہو۔ اس سے پہلے برآمدکنندگان 100,000 امریکی ڈالر تک یا دیگر کرنسیوں میں اس کے مساوی برآمدی سامان کے لیے اپنے بیرونی خریداروں کو اس کی دستاویزات براہ راست بھجوا سکتے تھے ۔اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو دی گئی وہ موجودہ حد، جس کے تحت بینک مینوفیکچرنگ اور صنعتی اداروں اور تجارتی درآمد کنندگان کی طرف سے خام مال، فاضل پرزوں اور مشینری کی درآمد پر فی انوائس دس ہزار ڈالر، یا دوسری کرنسیوں میں اس کی مساوی رقم، کی پیشگی ادائیگی کرسکتے ہیں، بڑھاتے ہوئے 25 ہزار ڈالر کر دی ہے ۔یہ اقدامات ان سہولتوں کا تسلسل ہیں جو برآمدی نوعیت کی صنعتوں اور مینوفیکچرنگ کو کاروبار کرنے میں آسانی اور برآمدی نمو کے فروغ کے لیے دی جاتی رہی ہیں، اور جو ملک کے اقتصادی حالات بہتر بنانے میں اپنا مزید کردار ادا کریں گی۔