لاہور،اسلام آباد، کراچی، بنوں، میرانشاہ، ریاض، دبئی، نئی دہلی(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،نمائندگان 92نیوز،نیوز ایجنسیاں)وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کی پیشگوئی سچ ثابت ہوگئی،شوال کا چاند نظر آنے کے بعد ملک بھر میں عید الفطر آج مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائیگی۔ سعودیہ ،متحدہ عرب امارات، عراق، قطر ، اردن، مصر،کویت،اردن،بحرین سمیت دیگر اسلامی ممالک میں بھی شوال کا چاند نظر آگیا، عید الفطر آج منائی جائے گی۔خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حرمین شریفین میں نماز عید ادا کرنے کی منظوری دیدی ۔حرمین شریفین انتظامیہ کے مطابق حرمین میں نماز عیدکیلئے عام نمازیوں شرکت نہیں کرسکیں گے ۔امام کعبہ ڈاکٹرعبد الرحمن السدیس کاکہنا ہے حرمین کوکورونا وباء سے محفوظ رکھنے کیلئے نماز عید میں عوام کی شرکت معطل رہے گی۔ بنوں اورشمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ اور کینیڈا میں گزشتہ روزعیدالفطر منائی گئی۔بھارت اور بنگلہ دیش میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عید الفطر کل بروز پیر ہوگی۔چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس کراچی میں ہوا جبکہ ملک بھرمیں ضلع کی سطح پر چاند دیکھنے کیلئے زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے ۔ پسنی،چمن ، طور ورسک ، جیونی اور دیگر علاقوں سے چاند نظر آنے کی شہادتوں کے بعد چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے شوال المکرم 1441ھ کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کہا ہم شریعت کے پابند ہیں، فواد چودھری کی کوئی حیثیت نہیں۔وزیر اعظم عمران خان فواد چودھری کو دینی معاملات میں مداخلت سے روکیں۔فواد چودھری بتائیں کتنی نمازیں پڑھیں، کتنے روزے رکھے ۔فواد چودھری نے پچھلے مہینے بھی بتایا تھا ہم نے شریعت کے مطابق فیصلہ کیا۔ہمیں نہ کبھی کسی صدر نے ڈکٹیشن دی اور نہ کبھی وزیر اعظم نے ،جس دن ڈکٹیشن دی گئی اسی دن یہ منصب چھوڑ دینگے ۔ہم رسول اللہ ﷺکی تعلیمات کی روشنی میں فیصلے کرتے ہیں، فوا د چودھری اپنے کام کی طرف توجہ دیں، طیارہ حادثہ پوری قوم کیلئے سانحہ ہے ،شہدا کی بلندی درجات کیلئے دعا کرتے ہیں۔قبل ازیں اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر سائنس اینڈ وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے آج پاکستان میں عیدالفطر کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا غروب آفتاب کے بعددوربین سے چاند واضح نظر آجائے گا۔ سانگھڑ، بدین، ٹھٹھہ، جیوانی، پسنی میں چاند 7 بج کر 36 منٹ سے 8 بج کر 14 منٹ تک دیکھا جائیگا ،ان علاقوں میں چاند کی عمر 20 گھنٹے ہوگی،پشاور میں چاند نظرآنے کا امکان نہیں،مفتی پوپلزئی آج عیدمنائیں گے ، اسلام عقل اورعلم کا دین ہے ، سائنس کی ترقی سے چاند دیکھنے کا عمل بہت آسان ہوگیاہے ،چاند کے معاملے پر ہمارے مولوی کہیں گے سائنس کاتعلق نہیں، آپ جوعینک پہنتے ہیں،جس دوربین سے دیکھتے ہیں وہ سائنس ہی ہے ۔مذہبی تہوار کے موقع پر ہمیشہ چاند کا تنازعہ رہتاہے تاہم اب سائنسی ترقی سے چاند دیکھنے کا مسئلہ حل ہوگیا ہے ، رویت ہلال کمیٹی اور مسجد قاسم خان کے اعلانات الگ الگ ہوتے ہیں حالانکہ مذہبی تہوار وں کو تنازع کے بجائے یکجہتی کا مرکز ہونا چاہئے ۔چاند دیکھنے سے ٹیکنالوجی کا تعلق نہ ہونے کی بات مسترد کرتا ہوں کیونکہ اس دور میں دنیا میں چاند دیکھنا کوئی مسئلہ نہیں۔ 1974 میں رویت ہلال کمیٹی بنی تھی، امید تھی مسئلہ حل ہوگا مگر رویت ہلال کمیٹی ہمیشہ تنازعات کا شکار رہی۔چاند کو زمین کے گرد چکر مکمل کرنے میں 29دن سے کچھ زیادہ لگتے ہیں،جب سورج، چاند اورزمین ایک لائن میں آجائیں گے تو زمین سے چاندنظرنہیں آتا۔ سورج کی روشنی میں چاند نظر نہیں آتا جبکہ چاند کی اونچائی 6.5 ڈگری ہونی چاہیے ، سورج غروب ہونے اور چاند نکلنے میں 38منٹ کا فرق ہونا چاہیے ، چاند نظر آنے کا کم سے کم زاویہ 9ڈگری کا ہونا چاہیے جبکہ 22مئی کی رات 10 بجکر 39منٹ پر شوال کے چاند کی پیدائش ہوچکی ہے ، اسلامی کیلنڈرجاری کررکھاہے لیکن یہ بات آئی کہ چاندکانظر آناضروری ہے ، ہم نے رویت ایپ بنائی جس پرچاندکی اس وقت سمت کاپتہ چل جائے گا۔فواد چودھری نے کہا کوئی زبردستی نہیں،کسی سے زبردستی عیدکا چاند نہیں منواسکتے ، ہم نے اپنی سفارشات وفاقی حکومت کو بھجوادی ہیں، وزیراعظم آفس جو فیصلہ کرے گااس کے مطابق عمل کیاجائے گا،چاہتے ہیں پوری مسلم دنیاکی طرح پاکستان میں بھی ایک دن عید ہو، سائنس کے مطابق گزشتہ رات شوال کے چاندکاارتقاہوچکا، آنیوالے وقت میں لوگ چاند پر عید منائیں گے ، آئندہ مسئلہ یہ ہوگا کہ چاندپرموجودلوگ عید کیسے منائیں گے ۔ سعودی عرب میں رویت کوختم کیاگیا،اپنے کیلنڈرپر عیدمناتے ہیں،اس بارسعودی عرب اورپاکستان میں عیدایک ساتھ کیوں ہورہی ہے ، سعودی عرب میں ایک منٹ بعدچاندغروب ہوتا ہے تو اس پر عید کااعلان ہوجاتاہے اور ہمارے یہاں کہاجاتاہے چاند38منٹ کا ہوگا تو عید ہوگی،آئین کے تحت معاملات دیکھنے چاہئیں، مذہبی گروپوں کوجگہ دینے کے چکر میں لگے رہتے ہیں، ایسے میں فرقہ وارانہ گروپ اپنا حصہ مانگنے لگتے ہیں۔ ریاست فرقہ واریت ،گروہی اختلافات سے بالاترہوتی ہے ۔فوادچودھری کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا عید کا شرعی فیصلہ فوادچودھری نہیں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی، شہادت کیلئے سائنس اور جدید آلات کی معاونت لی جا سکتی ہے ،فواد چودھری دوست ہیں لیکن آج کل وہ چاند چاند کھیل رہے ہیں، رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے مطابق عوام اور حکومت عید منائیں گے ، شریعت چاند کی رویت اور شہادت پر اعتماد کرتی ہے ، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندہ کو بھی اس دفعہ مرکزی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں جامعہ بنوریہ کراچی کے مہتمم مفتی محمد نعیم نے کہا ہے فواد چودھری کی بات کا اعتبار نہیں کیا جا سکتا، ان کو کوئی اور وزارت ملنی چاہئے تھی جہاں وہ اچھی طرح بول سکتے ، سائنس بدلتی رہتی ہے اس لیے سائنس پراس قدر انحصارنہیں کیا جا سکتا،محکمہ موسمیات سائنس کے مطابق پیشگوئی کرتا ہے کہ آج کسی مقام پر گرمی ہوگی تو وہاں گرمی نہیں ہوتی، ایسی صورتحال میں سائنس لاجواب ہوجاتی ہے لہٰذا فوادچودھری کی بات کو حتمی نہیں سمجھا جائے گا، چاند کی رویت کا جو فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی اس کو تسلیم کیا جائے گا۔ دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ وممبراسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاوزیر اعظم آفس رویت ہلال کی آئینی کمیٹی کا فیصلہ تسلیم کرے ،رویت ہلال میں تنازع کے اصل محرکات کوسمجھنے کی ضرورت ہے ، حدیث مبارکہ میں نبی کریمﷺ نے فرمایا چاند دیکھ کر روزے رکھو اور چاند دیکھ کر عید کرو اگر مطلع ابر آلود ہو تو گنتی پوری کرو۔ شعبان، رمضان، شوال، ذیقعد اور ذی الحجہ کا چاند دیکھنا واجب کفایہ ہے ، سائنسی ایجادات اور علم یقینا رویت کے تعین میں مدد گار ہو سکتے ہیں لیکن سائنسی بنیاد پر بنائے جانے والے قمری کلینڈر پر اعتبار رویت کے ذیل میں درست نہ ہو گا، وزات سائنس و ٹیکنالوجی کا خود ساختہ کلینڈر ملک میں مزید انتشار کا باعث ہے ، فواد چوہدری کا اعلان سوائے خود ساختہ شہرت کے کچھ نہ ہے ۔دوسری جانب بنوں اورشمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ اور کینیڈا میں گزشتہ روزعیدالفطر منائی گئی۔ بنوں کی تحصیل ڈومیل کے مقام منگل میلہ میں ہفتہ کوعیدالفطر منائی گئی ،ہزاروں افراد نے کورونا وائرس کے ایس او پیز کی پروا کئے بغیر نماز عید مرکزی عیدگاہ میں ادا کی ۔عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے ضلعی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ڈسٹرکٹ خطیب مفتی عبدالغنی ایڈووکیٹ کی سربراہی میں ہوا جس میں تین سے زائد شہادتیں موصول ہوئی جس پر مقامی علماء نے منگل میلہ میں ہفتہ کو عید منانے کا اعلان کیا۔ میرانشاہ میں نمازعید کا سب سے بڑا اجتماع تبلیغی مسجد میں ہواجس میں اسلام کی سربلندی اور ملک کی بقا کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، سیکڑوں افراد نے نماز عید ادا کی،اس موقع پرمیران شاہ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔