اسلا م آباد ،لاہور ،اوکاڑہ ،کراچی، پشاور، کوئٹہ، واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا نے پاکستان میں مزید110افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد15982ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8.32فیصد رہی، کوروناکے 5364نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد745182ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد78425ہو گئی،4302مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل650775صحتیاب ہو چکے ۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کے دوست اور تحریک انصاف جہلم کے کارکن اکرم گجربھی کورونا کے باعث ترکی میں انتقال کرگئے ۔جس پر فواد چودھری نے سوشل میڈیا پر مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی اور دوست کی یاد میں یہ شعر لکھا’’لے او یار حوالے رب دے ، میلے چار دناں دے ،اس دن عید مبارک ہوسی، جس دن فیر ملاں گے ‘‘۔انہوں نے افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی وبا کورونا نے کتنے ہی گھر اجاڑ دیئے ہیں۔ لاہور میں عدالت کے ریڈر ندیم علی کو بھی کورونا ہوگیاجس پرسینئرسول جج لاہور مظہر حسین رامے نے بھی اپنا کورونا ٹیسٹ کرالیا ۔ اوکاڑہ میں خطیب پنجاب پاکستا ن علماء کونسل کے ضلعی صدر و ممبر ضلعی امن کمیٹی صاحبزادہ شکیل الرحمٰن قاسمی بھی کورورنا کے باعث انتقال کر گئے ۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ کوروناسے صوبہ میں مزید3 مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ561نئے کیسز میں سے 278کا تعلق کراچی سے ہے ۔ دریں اثنا کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر سندھ حکومت نے کورونا ایس او پیز میں توسیع اورپابندیوں سے متعلق نیا حکم نامہ جاری کردیا ۔محکمہ داخلہ سندھ کے ترمیمی نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ سندھ بھر میں نئی پابندیوں کا نفاذ 16 مئی تک ہو گا۔ تجارتی مراکز اور مارکیٹوں کے کھلنے کے اوقار کار میں تبدیلی کردی گئی ۔ سندھ میں ہفتہ اور اتوار کو لاک ڈائون ہوگا اور کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی،باقی دنوں میں صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کاروبار کھلے گا جبکہ سندھ بھر میں ہوٹلز ریسٹورنٹس میں انڈور ڈائننگ پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ اوپن ایریا میں آٹ ڈور ڈائننگ افطارسے رات 12بجے تک ہوگی اورہوم ڈلیوری اورٹیک اوے کی سحری تک سہولت ہوگی۔تمام شادی ہال بند ہونگے ،جلسے جلوسوں ،شادی سمیت دیگر تقریبات پر پابندی ہوگی۔ہفتہ اور اتوار کو بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔ادھرخیبر پختونخوا میں کورونا کے مزید 36مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ مزید 1061افراد میں وائرس کی تشخیص ہوگئی۔بلوچستان میں کورونا کے 98نئے کیس سامنے آگئے جبکہ ایک مریض انتقال کرگیا۔حکومت بلوچستان نے کورونا کے پھیلائو کے پیش نظر صوبہ میں یکم مئی تک نئی پابندیاں عائد کردیں ،ہفتہ اور اتوار کو صوبہ میں کاروبار سمیت دیگر امور بند رہیں گے ، ہر قسم کے اجتماعات پر بھی پابندی ہوگی۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں30لاکھ8ہزارسے زائد ہو گئیں۔بھارت میں مزید 1338اموات اور233943نئے کیس رپورٹ، کمبھ میلہ کے اثرات بھی سامنے آنا شروع ہوگئے ، میلے میں 30 سادھوئوں سمیت 2 ہزار سے زائد افراد وبا میں مبتلا ہوچکے ہیں۔بھارت میں کوروناس کے سبب پابندیاں سخت کردی گئیں۔ نئی دہلی میں رات کے کرفیو کی خلاف ورزی پراڑھائی ہزارافراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ کانگریس رہنما رندیپ سنگھ سرجیوالا کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔متعدد سرکاری دفاتر میں 50 فیصد سٹاف کرنیکا حکم دیدیا گیا ۔