اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،اے پی پی)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت نے لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی کے قیام کیلئے بل تیار کیا ہے ،سستے اور فوری انصاف کی فراہمی تحریک انصاف کا بنیادی نظریہ اور وزیراعظم عمران خان کا مشن ہے ، سمن کے اجرا، وصولی اور عدالتی حاضری سے لے کر شہادتیں ریکارڈ کرنے تک کے عمل کو جدید ٹیکنالوجی سے منسلک کیا جا رہا ہے ۔ اتوار کوٹویٹر پر اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کوڈ آف سول پروسیجر کا ترمیمی بل حقیقی تبدیلی کی طرف بڑھتا ہوا موجودہ حکومت کا مثبت قدم ہے ۔ معاون خصوصی نے کہا اس سے پہلے ایک نسل مقدمہ درج کرتی اور تیسری نسل تک پہنچ کر اس کا فیصلہ ہوتا تھا لیکن اب سول کورٹ سے لے کر سپریم کورٹ تک دیوانی مقدمات کا فیصلہ دو سال تک کرنے کی قانونی شرط لاگو کی جارہی ہے تاکہ لوگوں کی انصاف تک جلد از جلد رسائی کو یقینی بنایا جا سکے ۔انہوں نے کہا اسلام میں خواتین کوحاصل وراثتی حق معاشرتی اورقانونی پیچیدگیوں کی نذر ہو چکا تھا، ریاست مدینہ کی طرز پر تشکیل دیے جانے والے معاشرے کیلئے پرعزم وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں تشکیل پانے والا یہ قانون خواتین کے جائیداد میں حصے کا حصول یقینی بنانے کا باعث بنے گا۔انہوں نے کہا کئی دہائیوں سے پاکستانی جیلوں میں قید خصوصا خواتین، بچے اور دیگر مستحق، نادار قیدی جو قانونی معاونت کی سہولت دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے اپنے مقدمات کی پیروی سے قاصر تھے ،اس اتھارٹی کے قیام سے ان کی قانونی معاونت یقینی بنائی جا سکے گی۔ اے پی پی کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا حکومت نے احساس اور صحت انصاف کارڈز جیسے پروگرام متعارف کراکر عام آدمی کی زندگی کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے ہیں، حکومت آسان کاروباری اقدامات کے ذریعے برآمدی صنعت کو فروغ دے رہی ہے ، سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے کئے گئے اقدامات سے ان کا اعتماد بحال ہوا ہے ، آج پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے کیونکہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے سول اور فوجی قیادت ایک پیج پر ہے ۔چین اور روس جیسی عالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کر رہی ہیں، کوئی بھی حکومت مسئلہ کشمیر سے متعلق پالیسی میں تبدیلی کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار صوبے کے امور کو موثر انداز میں چلا رہے ہیں اور ان کی کابینہ میں ردو بدل کا مقصد لوگوں کو فراہم ہونے والی خدمات میں بہتری لانا ہے ۔