اسلام آباد(آن لائن) رواں کلینڈر سال 2019ء کے ابتدائی 7ماہ میں جنوری تا جولائی 2019ء کے دوران فرنس آئل کی فروخت میں 43 فیصد جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت میں 17 فیصد کی کمی ہوئی ہے ‘تاہم اس دوران پٹرول کی فروخت میں 3 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ آئل کمپنیز ایڈوائزری کمیٹی (او سی اے سی) کے اعدادوشمار کے مطابق سال رواں میں جنوری تا جولائی 2019ء کے دوران فرنس آئل کی فروخت 18 لاکھ 58 ہزار ٹن تک کم ہو گئی جبکہ جنوری تا جولائی 2018ء کے عرصہ میں فروخت کا حجم 32 لاکھ 32 ہزار ٹن رہا تھا۔اس طرح گذشتہ سال کے مقابلہ میں رواں سال کے پہلے 7ماہ میں فرنس آئل کی فروخت میں 13 لاکھ 74 ہزار ٹن یعنی 43 فیصد کی کمی ہوئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت بھی 17 فیصد کی کمی سے 48 لاکھ 90 ہزار ٹن کے مقابلہ میں 40 لاکھ 46 ہزار ٹن تک کم ہو گئی اور فروخت کے حجم میں 8 لاکھ 44 ہزار ٹن کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔