لاہور ،اسلام آباد(نمائندہ خصوصی سے ، وقائع نگار خصوصی، اپنے رپورٹر سے)ملک بھر میں پاکستان کا 72 واں یوم آزادی آج قومی جذبے اور ملی جوش و خروش کے ساتھمنایا جا رہا ہے ،رات 12بجتے ہی لوگ سڑکوں پر نکل آئے ،منچلوں نے خوب ہلہ گلہ کیا ، ہر طرف ملی نغموں کی گونج،نوجوان رقص کرتے رہے ، ملک بھر میں مختلف مقامات پر شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، پاکستان میں ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہے ۔ دن کا آغاز نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی خوشحالی، یکجہتی و استحکام اور امت مسلمہ کیلئے خصوصی دعائوں سے ہوا ،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ملک بھر میں مختلف مقامات پر پرچم کشائی کی تقریبات،سیمینارز ہونگے ۔ حکومتی ، سرکاری شخصیات اورپاک افواج کے افسران ،بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور شاعر مشرق علامہ اقبال ؒ کے مزار مبارک پر حاضری دینگے اور فاتحہ خوانی کرینگے ۔تحریک آزادی پاکستان کے شہداء کے لئے بھی قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے گا ۔ ملک بھر میں آج عام تعطیل ہے ، سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ۔ واہگہ اور گنڈا سنگھ باڈر زپر آج خصوصی پریڈ ہو گی۔صدر پاکستان ممنون حسین نے یوم آزادی پر اپنے پیغام میں قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آ ج کا دن ہمارے جوش و جذبے کو تازہ دم کرکے ان میں نئی توانائی بھر دیتا ہے ۔وزیراعظم جسٹس (ر)ناصر الملک نے کہا کہ میں پاکستانیوں کو یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں ، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ آج کا دن ہمیں اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں اور جدوجہد کی یاد دلاتا ہے ۔ آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم پاکستان کو ایک ملائیت کی ریاست بنانے کی ہر کوشش کو مسترد کرتے ہیں،گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے کہا کہ پاکستان خالق کائنات کی طرف سے ایک بہت بڑا انعام ہے ،تحریک لبیک کے قائد علامہ خادم حسین رضوی نے کہا ہے سندھ اسمبلی کی حلف برداری کی تقریب میں تاجدار ختم نبوت زندہ باد،لبیک یارسول اﷲ کے نعروں سے پاکستان کی پارلیمانی تاریخ کا رخ اس جانب موڑ دیا ہے جس مقصد کیلئے مملکت اسلامیہ پاکستان معرض وجود میں آئی تھی، عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قوم ذہن نشین کر لے اگر پاکستان کو عظیم ملک بنانا ہے تو پھر قائداعظم کے بیان کردہ اصولوں پر عمل پیرا ہونا ہو گا ۔