اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال کو بوسنیا اور بھارتی گجرات سے تشبیہ دیتے ہوئے ایک مرتبہ پھر مسلمانوں کی نسل کشی کے خدشے کا اظہار کردیا۔انہوںنے ٹویٹ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں 12 روز سے کرفیو نافذ اور فوج کی اضافی نفری تعینات ہے ، رابطوں کے تمام ذرائع پر پابندی ہے ، مقبوضہ کشمیر میں آر ایس ایس کے غنڈے بھیجے جا رہے ہیں ، مودی کے مقبوضہ کشمیر میں اقدامات گجرات میں مسلمانوں کی نسل کشی کی مثال ہے ،کیا دنیا سربیا کی طرز کا قتل عام مقبوضہ وادی میں خاموشی سے دیکھے گی؟انہوں نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ اگر مقبوضہ وادی میں ایسا کرنے کی اجازت دی گئی تو اس کے اثرات پوری مسلم دنیا پر پڑیں گے جس کا شدید رد عمل سامنے آئیگا جبکہ انتہا پسندانہ اور تشدد کی سوچ پروان چڑھے گی۔