اسلام آباد( خبر نگار خصوصی)صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ماضی میں بدعنوانی اور غلط فیصلوں نے ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا۔موجودہ دورحکومت میں تمام فیصلے متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے کئے جاتے ہیں، حکومت کا کام سب کو مساوی مواقع فراہم کرنا ہوتا ہے ۔حکومت امیروں سے ٹیکس وصول کرتی ہے اور غریبوں پر خرچ کرتی ہے ۔گزشتہ روزایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کی سالانہ تقریب سے خطاب میں صدرمملکت نے کہا کہ ہمیں اپنی مصنوعات کی برانڈنگ اور ویلیو ایڈیشن پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ، ہمیں دنیا میں اپنے تاجروں کے لئے اعتماد سازی کو فروغ دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی میں ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کا اہم کردار ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے آپ کو عقل کل سمجھتے ہیں لیکن دین اسلام میں مشاورت کی تلقین کی گئی ہے ، پالیسی سازی میں مشاورت انتہائی اہمیت رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ قومیں اتحاد سے ترقی کرتی ہیں، کورونا وبا کے دوران قوم نے اتحاد اور حکومت نے بہترین فیصلہ سازی کا مظاہرہ کیا اور کورونا وبا پر کامیابی سے قابو پایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وبا کے دوران غریب اور مزدور کا احساس کیا، صنعتیں بند نہیں کیں، مکمل لاک ڈاؤن نہیں کیا جس کا مقصد تھا کہ غریبوں کا روزگار متاثر نہ ہو، اسی طرح حکومت نے اس وبا کے دوران ایک کروڑ 69 لاکھ خاندانوں میں 12 ہزار روپے فی خاندان مالی مدد تقسیم کی، پناہ گاہیں قائم کیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے باوجود برآمدات بڑھیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہوا، بیرون ملک سے ترسیلات زر میں اضافہ ہوا، ماضی میں لئے گئے قرضے ادا کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں کا فروغ، تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ فیصل آباد میں خصوصی اقتصادی زون کے قیام سے سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے وسیع مواقع میسر آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سمارٹ فونز تیار ہونا شروع ہوگئے ہیں، نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبہ کی طرف راغب کرنے کی ضرورت ہے ۔