اسلام آباد (سپیشل رپورٹر؍ نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چودھری برادران پر پورا اعتماد ہے ، ہم گھبرانے والے نہیں ، گھبرائے ہوئے وہ ہیں جنہیں اب چودھری شجاعت حسین کی صحت کاخیال آگیا ،کالاباغ ڈیم کی تعمیر سے پہلے سندھ کے عوام کو مطمئن کرنا پڑے گا، ہم آئندہ انتخابات کے بجائے مستقبل کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ پاکستان میں ہائیڈرو پاور ڈویلپمنٹ پر منعقدہ بین الاقوامی سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا جب درآمدی ایندھن سے بجلی پیدا کی جائے گی تو اس کی قیمت زیادہ ہی ہوگی اور عوام پر بوجھ بڑھے گا، ڈیم بنائے ہوتے تو بجلی مہنگی نہ ہوتی۔ وزیراعظم نے کہا وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الہٰی نے کالا باغ ڈیم کی بات کی، اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمیں پانی ذخیرہ کرنے کی ضرورت ہے اور کالا باغ ڈیم بہترین مقام پر ہے اور وہ میرے حلقے میں بھی ہے لیکن ہمیں صرف ایک مسئلہ ہے کہ ہمیں سندھ کے بھائیوں کو قائل کرنا پڑے گا لیکن اس سے پہلے اگر ہم ڈیم شروع کریں گے تو انتشار پھیلانے والے سندھ کے عوام کو استعمال کریں گے ۔ وزیراعظم نے کہا تحریک انصاف کے کارکنوں کی میں نے ایسی تربیت کرائی ہے اور پچھلے 25 سال میں انہوں نے بڑے مشکل وقت بھی دیکھے ہیں کہ وہ اب ان کے عادی ہو چکے ہیں لیکن جو لوگ گھبرائے ہوئے انہیں اب چودھری صاحب کی صحت کا خیال آ گیا، چودھری شجاعت پاکستان کے وہ سیاستدان ہیں کہ ان کے جتنی سیاسی سوجھ بوجھ شاید ہی کسی اور سیاستدان میں ہو لیکن یک دم ان کی صحت کا لوگوں کا یادآ جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ گھبرائے ہوئے ہیں اور یہ گھبرائے ہوئے لوگ 20،20 سال پہلے کے اپنے کارکنوں ، ایم پی ایز اور ایم این ایز سے تعزیت کے لئے اب جا رہے ہیں، ہمارا چودھری برادران پر اعتماد ہے ۔بین الاقوامی کمیشن برائے بڑے ڈیمز کے صدر مائیکل راجر نے کہا ہم بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈیزائن تیار کرتے ہیں ۔علاوہ ازیں وزیراعظم کے زیرصدارت تحریک انصاف کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے بلدیاتی انتخابا ت کی بھرپور تیاریوں کی ہدایت کے علاوہ عوام رابطہ مہم کو تیزکرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے میڈیا میں حکومت اور اپنے اوپر ہونے والے ذاتی حملوں پر مشتمل مہم کو گھٹیا اور نا قابل برداشت قرار دیا اور کہا مادر پدر آزادی خطرناک ہے ، ایسے رجحان کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا اتحادی ہمارے ساتھ ہیں، کہیں نہیں جا رہے ، اپوزیشن کے بیانیے کا مقابلہ کارکردگی سے کریں۔وزیراعظم نے سی ڈی اے کے ہائوسنگ منصوبے اور اوورسیز انکلیو کے بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں،ہماری کوشش ہے کہ ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور دولت کی تخلیق کے لئے ان کی مہارت اور شراکت کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مجوزہ ہاؤسنگ اپارٹمنٹس کی اعلیٰ معیار کی تعمیر، تیز رفتار تکمیل اور مسابقتی قیمتوں کے تعین کو یقینی بنائیں۔