لاہور،کراچی،سکھر،اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی، اپنے نامہ نگار سے ،سٹاف رپورٹر،نامہ نگار،نیٹ نیوز، نیوز ایجنسیاں) احتساب عدالت کراچی نے آمدن سے زائداثاثوں کے ریفرنس میں سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی ودیگر ملزمان پرایک سال بعد فرد جرم عائد کردی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔سراج درانی اور ان کے اہلخانہ پر ایک ارب 61 کروڑ کے مبینہ طور پر غیر قانونی اثاثے بنانے کے الزامات ہیں۔عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کو آئندہ سماعت بائیس دسمبر کرگواہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔دیگر ملزمان میں آغا سراج کی اہلیہ ناہید درانی، صاحبزادے آغا شہباز، آغا مسیح الدین خان درانی، بیٹیاں صنم درانی، شہانہ درانی، سارہ درانی، طفیل احمد، ذوالفقار، آغا منور علی، غلام مرتضیٰ اور گل بہار شامل ہیں۔احتساب عدالت سکھر نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ، سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ، رکن صوبائی اسمبلی فرخ شاہ سمیت 18 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی تاہم تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔ ملزمان کے خلاف دائر ایک ارب 23 کروڑ روپے کے آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی مزید سماعت گیارہ دسمبر کو ہوگی۔ احتساب عدالت اسلام آباد نے نارووال سپورٹس سٹی کمپلیکس ریفر نس احسن اقبال سمیت دیگر ملزمان پر فردجرم عائد کرنے کیلئے 7دسمبر تاریخ مقررکردی۔احتساب عدالت لاہور نے زائد اثاثہ جات کیس میں ملوث سابق ڈی جی ایل ڈی اے کی اہلیہ سمیت دیگر ملزموں کے وارنٹ گرفتاری کے احکامات منسوخ کرتے ہوئے احد چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 دسمبر تک توسیع کردی اورگواہ جہانزیب کا بیان قلمبند کرکے آئندہ سماعت پر مزید گواہان کوطلب کرلیا۔احتساب عدالت لاہور کے جج امجد نذیرچودھری نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سکیم ریفرنس ملوث ملزمان احد چیمہ اور شاہد شفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع کرکے نیب کے گواہ شفیق اعجازاورملزمان کو آئندہ سماعت پر دوبارہ طلب کرلیا۔احتساب عدالت لاہورکے جج جواد الحسن نے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں پٹواری قطب علی اور اس کے بیٹے عامر کو بری کردیا،فاضل جج نے ریمارکس دیئے نیب کی جانب سے قابل سزا اور ٹھوس شواہد پیش نہ کرنے پر ملزموں کوبری کیا جاتا ہے ۔احتساب عدالت لاہور نے ایم این ایم موٹر سائیکل فراڈ کیس میں ملوث ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 دسمبر تک توسیع کرکے آئندہ تاریخ سماعت پر دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا،عدالت نے 2 ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر وکلا ئکو بحث کے لئے دوبارہ طلب کرلیا۔احتساب عدالت اسلام آبادنے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار ملزم شفقت ممتازکے جسمانی ریمانڈمیں توسیع کرکے چار دسمبر تک نیب کے حوالے کردیا۔احتساب عدالت نے نے سابق سیکرٹری قانون ارشدفاروق فہیم وغیرہ کے خلاف ڈریپ ریفرنس میں مسلسل غیر حاضری پر شریک ملزم صابر علی سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔احتساب عدالت کراچی میں شاہد خاقان عباسی و دیگر کے خلاف پی ایس او کی غیر قانونی تقرریوں کے ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی21دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔