لاہور،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، خبر نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ احتساب کے نام پر عوام کو نصف صدی سے دھوکہ دیا جارہاہے اگر ملک میں کسی کا احتساب ہوتا تو چوروں اور لٹیروں کو اس طرح اقتدار کے ایوانوں پر قبضہ کرنے کا موقع نہ ملتا ۔گزشتہ روز منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ملکی سیاست پر آج تک وہی طبقہ قابض ہے جنہوں نے اپنی قوم سے غداری کے عوض انگریز وں سے جاگیریں لی تھیں ۔ ملک و قوم آج جن مسائل اور پریشانیوں کا شکار ہے اسکے ذمہ دار یہی حکمران ہیں جو بار بار پارٹیاں اور جھنڈے بدل کر اقتدار کے ایوانوں میں پہنچ جاتے ہیں اور پھر ایک دوسرے کی کرپشن اور لوٹ مار کو تحفظ دیتے ہیں۔ پاکستان شریعت کے نفاذ کیلئے حاصل کیا گیا تھا جبکہ مغرب کے ذہنی غلام قیام پاکستان کے عظیم مقاصد کے حصول کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں ۔ عوام ستر سال سے قرآن و سنت کے نظام کی آس لگائے بیٹھے ہیں مگر انگریز کے پروردہ جاگیرداروں وڈیروں اور سرمایہ داروں نے عوام کی امنگوں اور آرزؤں کا خون کیا ۔ ملک پر آج بھی وہی ظالمانہ نظام مسلط ہے جو انگریز چھوڑ کر گئے تھے ۔ ہمارے آباؤ اجداد نے آزادی کیلئے لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیا مگر آج تعلیمی اداروں ، عدالت ، ریاست اور سیاست میں کسی ایک جگہ بھی اسلامی نظام نظر نہیں آتا ۔ قوم کو شریعت کے نظام کے نفاذ کیلئے متحد ہونا ہوگا ۔بعدازاں سراج الحق 4 روزہ دورے پر سوڈان چلے گئے جبکہ حافظ محمد ادریس نے قائم مقام امیر جماعت کا حلف اٹھا لیا۔اس موقع پر حافظ ساجد انور ، محمد اصغر ، مولانا عبدالمالک بھی موجود تھے ۔ سراج الحق 19 نومبر کو واپس وطن پہنچیں گے ۔