اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی،نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے قومی احتساب بیورو (نیب) میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف ریفرنس کے لیے درخواست دائر کردی ہے ۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نارووال سپورٹس سٹی کے منصوبے کو روکنے پر اربوں کانقصان ہوا اس کی تحقیقات کی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ بھونڈے مقدمے میں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا کر میری کردار کشی کی گئی اور بین الاقوامی طرز کے منصوبے کو تباہ و برباد کردیا گیا ہے ۔سپورٹس سٹی منصوبے کی 86 فیصد فنڈنگ ہوچکی تھی مگر عمران خان نے آتے ہی اس منصوبے کی فی الفور فنڈنگ روک دی جو صرف 14 فیصد باقی رہ گئی تھی ۔احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کی وجہ سے اربوں روپے کا نقصان اس غریب ملک کو برداشت کرنا ہوگا جس کے لیے میں نے نیب چیئرمین کو درخواست دی ہے کہ وہ اس حوالے سے تحقیقات کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اگر آپ دیانت داری کے اتنے چیمپئن ہیں تو چیئر مین نیب کو خط لکھیں اور کہیں کہ میں اپنی کابینہ کو خود سمیت احتساب کے لیے پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کرپشن کی چھتری بن چکے ہیں جس کے نیچے سب کو تحفظ حاصل ہے ۔