اسلام آباد(رپورٹ : فیصل رضا خان)بھارت کی پاکستان کیخلاف ریاستی دہشتگردی اور فالس فلیگ آپریشن کی تیاری کا ثبوت سامنے آ گیا،بھارت نے پہلے اپنے تربیت یافتہ دہشتگردوں سے پاکستان پروارکیا پھر خود ہی اپنے اوپرممکنہ دہشتگرد حملے کا شور مچا نا شروع کردیا۔بھارتی سرکار، خفیہ ایجنسیاں اور میڈیا فالس فلیگ ڈرامہ کھیلنے کی تیاری کررہے ہیں ، ہندوستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر، بہار اور دہلی میں دہشتگردی کے خطرے کا انتباہ جاری کیا،ہندوستان پلوامہ طرز پرمہم جوئی کا منصوبہ رکھتا ہے اور بھارتی طریقہ واردات فالس فلیگ آپریشن کا روایتی ہتھیار ہے ۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق بھارت نے چور بھی کہے چور چور کے مصداق پہلے اپنے لے پالک ، تربیت یافتہ ،مالی وسائل اور اسلحہ سے لیس دہشتگردوں کے ذریعے کراچی میں پاکستان سٹاک ایکسچینج پر دہشتگردی کا گھناؤنا کھیل کھیلا، پھر خود ہی اپنی خفیہ ایجنسیوں اور میڈیاکے ذریعے خود پرممکنہ دہشتگرد حملے کا شور مچانا شروع کردیا ۔ذرائع نے بتایا پاکستان میں ریاستی دہشتگردی میں ملوث بھارت داخلی سطح پر خطرے کے انتباہ جاری کررہا ہے اور ذرائع ابلاغ سے پاکستان مخالف زہر آلود پروپیگنڈا اورممکنہ حملے کی تصویر کشی کی جا رہی ہے ۔ہندوستان، پاکستانی خفیہ ایجنسیوں اور مسلح افواج کو بدنام کرنے کیلئے نیپال سے دہشتگرد بھیجنے کا الزام لگارہا ہے ۔ہندوستان میں پاکستان سے 25 مبینہ دہشتگردوں کی آمد کا ناٹک شروع ہو چکا۔نئی دہلی پارلیمان کی عمارت ، ممبئی ، پلوامہ، اڑی ،پٹھان کوٹ طرز پر ہندوستان کا طریقہ واردات فالس فلیگ آپریشن کا روایتی ہتھیار ہے ،ہندوستان ثابت کرنا چاہتا ہے کہ پاکستان نے سٹاک ایکسچینج دہشتگرد حملے کا بدلہ لیااوراِس مقصد کیلئے سرحد پار دہشتگرد بھیجے ۔