اسلام آباد ،بلغراد (مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی ) پارلیمانی سفارتکاری کے میدان میں پاکستان کو بھارت کے مقابلے میں تاریخی فتح ہوئی ہے ۔بھارتی امیدوار ششی تھرور کے مد مقابل سینیٹر رضا ربانی انٹر پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن منتخب ہوگئے ۔ دنیا بھر کی 188 پارلیمان پر مشتمل انٹرپارلیمانی یونین کی 131ویں جنرل اسمبلی کااجلاس اتوار کو سربیا کے دارالحکومت بلغراد میں ہوا ۔ پاکستانی پارلیمانی وفد سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی قیادت میں شریک ہوا۔ ایشیا پیسفک گروپ کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی صدارت میں ساوہ کانفرنس سنٹر بلغراد میں ہوا۔اجلاس میں ایشیا پیسفک ممالک کی جانب سے آئی پی یو کی مجلس عاملہ کیلئے متفقہ نمائندہ منتخب کرنا تھا۔سپیکر اسد قیصر بین الاقوامی پارلیمانی تنظیم آئی پی یو کی ایشیا پیسفک گروپ کے موجودہ چیئرمین ہیں۔پاکستانی پارلیمنٹ نے اس اہم عہدے کیلئے سینیٹر رضا ربانی کو نامزد کیا تھا۔پاکستان نے گروپ میں فوری خفیہ الیکشن کا مطالبہ کر دیا۔ ہندوستانی وفد نے انتخابات موخر کرانے کی بھرپور کوشش کی ۔بھارت کی اس چال کو 34 رکنی ایشیا پیسفک گروپ کے کسی بھی رکن کی جانب سے پذیرائی نہ مل سکی۔بھارتی وفدنے آخری وقت میں نامورمصنف اور رکن لوک سبھا ششی تھرور کو امیدوار نامزد کر دیا۔خفیہ رائے شماری میں اپنی یقینی ہار کا اندازہ کرتے ہوئے ہندوستانی امیدوار نے اپنا نام واپس لینے کا اعلان کر کے شکست مان لی۔ سینٹر رضا ربانی کے علاوہ ایشیا پیسفک گروپ نے سینیٹر شیری رحمان کو کمیٹی برائے پائیدار ترقی، مالیات اور تجارت کا رکن بھی منتخب کر لیا۔ہندوستانی امیدوار کے انتخاب سے دستبرداری کے اعلان کے بعد سینیٹر رضا ربانی بلا مقابلہ متفقہ امیدوار کے طور پر تین سال کیلئے انٹر پارلیمانی یونین کی مرکزی مجلس عاملہ کے ممبر قرار دیدیئے گئے ۔سینیٹر جاوید عباسی ڈرافٹنگ کمیٹی کے رکن منتخب ہوگئے ۔ اس سے قبل شاندانہ گلزار بھی دولت مشترکہ خواتین کی چیئرپرسن منتخب ہوچکی ہیں۔