اسلام آباد (لیڈی رپورٹر) اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست کی سماعت کیلئے 11 جون کی تاریخ مقرر کی ہے ۔ عدالت عالیہ نے نواز شریف کی درخواست پر ابتدائی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے 21 مئی کو نواز شریف کی درخواست پر ابتدائی سماعت کے بعد وفاق ، نیب اور سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل سے دو ہفتوں میں شق وار جواب طلب کیا تھا، عدالت نے نواز شریف کی جانب سے اضافی دستاویزات جمع کرانے کی درخواست بھی منظور کر لی۔ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کے ملزم خواجہ عبدالغنی مجید نے ضمانت بعد از گرفتاری کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت نے دیگر ملزمان کے ضمانتی مچلکے منظور کئے لہٰذا خواجہ عبدالمجید کی بھی دیگر ملزمان کی طرح ضمانت منظور کی جائے ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی بنک اکاؤنٹس کیس کے ملزم خواجہ نمر مجید پر عائد سفری پابندیوں اور نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کی سماعت 3 جون تک ملتوی کر دی ۔