اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک تین رکنی وفد نے چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک کی قیادت میں سعودی عرب کے شہر جدہ میں پاکستان کے کونسلیٹ جنرل کا دورہ کیا اور قائم مقام کونسل جنرل شائق احمد بھٹو سے ملاقات کی۔ وفد میں محمد فہیم خان اور محمد اشفاق چھٹہ بھی شامل تھے ۔ شائق احمد بھٹو نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو بہتر کرنے کیلئے سعودی عرب کا دورہ کرنے پر وفد کی کوششوں کو سراہا۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے شائق احمد بھٹو نے کہا کہ سعودی عرب ویژن 2030کے تحت اپنی معیشت میں بہت سی اصلاحات لا رہا ہے اور اس مقصد کیلئے وہ ایسی انٹرنیشنل کمپنیوں کی تلاش میں ہے جو سعودی عرب کی کمپنیوں کے ساتھ کاروباری شراکتیں قائم کرنے میں دلچسپی رکھتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے یہ ایک اچھا موقع ہے کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش کرے ۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر اپنا ایک بڑا وفد سعودی عرب کیلئے ترتیب دے تا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جا سکیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جدہ میں پاکستان کا کونسلیٹ جنرل ان کوششوں میں چیمبر کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔