اسلام آباد /لاہور/ ( سٹا ف رپورٹر،سپیشل رپورٹر، کرائم رپورٹر) ایکسپریس ہائی وے پرتیزرفتار کار کی زد میں آکر 2کمسن بہنیں اورایک بھائی جاں بحق جبکہ ان کی والدہ اورایک بھائی شدیدزخمی ہوگئے ۔ وسیم حبیب نے کورال پولیس کوبتایاکہ ان کی اہلیہ مبین اکرم اپنی دوبیٹیوں نورفاطمہ،زینب اور دو بیٹوں احمد اورعلی حسنین کے ساتھ ایکسپریس ہائی وے پرکھنہ پل سٹاپ پرسڑک کے کنارے گاڑی کاانتظارکررہی تھیں کہ تیزرفتارکارنمبر289 ایل ای کی زد میں آ گئے ۔ نورفاطمہ ، زینب اور احمدجاں بحق ہوگئے جبکہ انکی اہلیہ اوربیٹاعلی حسنین شدیدزخمی ہوگئے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ۔ لاہور ملتان روڈ پر مانگا منڈی سٹاپ کے قریب تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل سوارمیاں بیوی کو کچل دیا۔ خاتون مسرت بی بی موقع پر جاں بحق جبکہ شوہرمحمود الحسن زخمی ہوگیا جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا، حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ، مانگامنڈی میں میکے آنے والی چار بچوں کی ماں تیز رفتار بس کے ٹائروں تلے آکر موقع پرجاں بحق ہو گئی ۔ متوفیہ صادق آباد سے آئی تھی اور بائی پاس سے اپنے بھتیجے ابوبکر کے ساتھ بھائیوں کے گھر پیر کالونی جا رہی تھی کہ باغ والی مسجد کے قریب بس کی زد میں آگئی ، نعش کو صادق آباد پہنچا دیا گیا ۔لاہور شاہدرہ کے علاقہ بدو پلی کے قریب تیز رفتار بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل رکشہ سوار 6 افراد شدید زخمی ہوگئے جن کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔