اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی، نامہ گار ،وقائع نگار خصوصی، این این آئی) اپوزیشن رہنمائوںنے قومی اسمبلی میںحکومتی رویئے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے جمہوریت کے منافی قرار دیدیا۔ اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میںکہا ایوان میں جو ہوا وہ حکومت کی غلطی ہے ، اس سے ماحول خراب ہوگا اور حالات بگڑ جائیں گے ،جمہوریت اور جمہوری روایات کو نقصان پہنچے گا۔شاہد خاقان عباسی اور خواجہ آصف نے کہا ہمیں جو قیمت بھی ادا کرنا پڑی کرینگے ، آئین ،پارلیمان اور عدلیہ کے تقدس کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں،جس پارلیمنٹ میں ناموس صحابہ پر بات نہ ہوسکے وہاں اور کیا بات ہوگی، وزیراعظم ایوان میں آکر رات 12 بجے کے بیان پر وضاحت پیش کریں۔ خورشید شاہ نے کہا اس سے زیادہ قابل مذمت بات نہیں کہ وزیر اعظم کو تاریخ کا علم نہیں ۔پرویز اشرف نے کہا کہ قائد حزب اختلاف کو بات نہیں کرنے دی گئی،حکومت نے تمام روایات کو پامال کیا۔ رحمان ملک نے کہا زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہوئے تو پیپلز پارٹی پارلیمنٹ کو نہیں چلنے دے گی ۔