اسلام آباد(خبر نگار خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغان امن مذاکرات کی کامیابی میں پاکستان کا اہم کردار ہے ، افغانستان میں امن سے وسطی ایشیائی ریاستوں تک رابطے بڑھیں گے جس سے پورے خطہ میں خوشحالی آئے گی، اگلا مرحلہ ملک میں صنعتی ترقی کو فروغ دینے کا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز یہاں رشکئی خصوصی اقتصادی زون کی ترقی کیلئے معاہدہ پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خیبرپختونخوا کے گورنر، وزیراعلیٰ، وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ اور پاکستان میں چین کے سفیر بھی تقریب میں موجود تھے ۔ وزیراعظم نے معاہدہ کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں صنعتی ترقی کے حوالہ سے یہ اقدام خوش آئند ہے ، سی پیک کے تحت فیصل آباد کے بعد رشکئی دوسرا خصوصی اقتصادی زون ہو گا۔ اقتصادی زون نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا اس سے صنعت کو فروغ ملے گا اور مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن سے پورے خطہ میں خوشحالی آئے گی، افغان امن مذاکرات کی کامیابی میں پاکستان کا اہم کردار ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کے تحت پاکستان میں ایم ایل ون ریلوے منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔اگلا مرحلہ ملک میں صنعتی ترقی کو فروغ دینے کا ہے ، اس حوالہ سے چین کے تجربہ اور مہارت سے استفادہ کیا جائے گا۔دریں اثنا و زیر اعظم کی زیر صدارت ملک میں ٹیکس کے نظام میں اصلاحات کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیرِ اطلاعات شبلی فراز، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاونین خصوصی لیفٹنٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، ڈاکٹر شہباز گل ودیگر شریک ہوئے ۔ وزیرِ اعظم نے کہا ماضی میں حکمران طبقے نے اپنے مفادات کیلئے ٹیکس کے نظام میں تبدیلیاں اور ردوبدل کیا ۔ وزیرِ اعظم نے ٹیکس تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہ ان تجاویز کا تفصیلی جائزہ لینے کی ہدایت کی ۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت سیرت النبی ﷺ اور صوفیائے کرام کی تعلیمات کے فروغ کے حوالے سے تعمیر کی جانے والی "القادر یونیورسٹی" کے قیام میں پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔وزیرِ اعظم نے یونیورسٹی کی تعمیر کا کام تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ مجوزہ یونیورسٹی میں کم سے کم وقت میں تعلیمی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کیا جا سکے ۔دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان نے ترسیلات زر میں نمایاں اضافے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے آگاہ کیا ہے کہ اگست 2020 میں سمندر پار پاکستانیوں نے ترسیلاتِ زر کی مد میں 2,095 ملین ڈالر بھجوائے ۔ پیر کو اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جولائی2020 میں یہ ترسیلات 2,768 ملین ڈالرکی ریکارڈ سطح تک پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ الحمد للّٰہ رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ کے دوران یہ ترسیلات گزشتہ برس کے اسی دورانیے کی نسبت 31 فیصد زیادہ رہیں۔