بیجنگ ،اسلام آباد،واشنگٹن(سپیشل رپورٹر، ندیم منظور سلہری سے ،آن لائن) چین کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ مشرقی چین کے صوبہ آنہوئی کے شہر تونشی میں بدھ اور جمعرات کو افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ کا تیسرا اجلاس چین کی میزبانی میں منعقد ہو گا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی چینی ہم منصب وانگ یی کی خصوصی دعوت پر تین روزہ دورے پر چین پہنچ گئے ۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ ہیں ۔وزیر خارجہ افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے تیسرے اجلاس اور ٹرائیکا پلس اجلاس میں شریک ہونگے ۔افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی ،ایران، روس، تاجکستان، ترکمانستان ، ازبکستان کے وزرائے خارجہ یا وفود بھی 2روزہ کانفرنس میں شرکت کرینگے ۔اجلاس میں انڈونیشیا اورقطر کے وزرائے خارجہ کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔کانفرنس میں بھارت کو مدعو نہ کرنے پر امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ چین کا بھارت کے بارے رویہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ اس خطے میں بھارت کو اہم ایشوز پر الگ تھلگ رکھنا چاہتا ہے ۔دریں اثناطالبان حکومت کے وزیر خارجہ امیر متقی نے دوحہ میں انڈونیشیا اور قطر کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کی اور افغانستان میں تعلیمی مسائل، انسانی بحران اور معاشی مشکلات پر تبادلہ خیال کیا۔