اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف آزادکشمیر کی حکومت نے وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق خطہ کے اندر میرٹ کی بالا دستی کا تہیہ کر رکھا ہے ۔ میرٹ کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ ترقیاتی منصوبوں میں ریاست کے ان علاقوں کو ترجیح دی جا رہی ہے جہاں ترقی کم ہے ۔کشمیر ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت بڑے منصوبے شروع کرنے جا رہے ہیں جس سے ریاست میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔وزیراعظم عمران خان کا ویژن ترقی کا استعارہ ہے ، ملک کو عمران خان کی قیادت میں ہی آگے بڑھنا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزرا حکومت خواجہ فاروق، فہیم ربانی،دیوان علی چغتائی، اظہر صادق، ملک ظفر، نثار انصر ابدالی اور چوہدری رشید سے ملاقات میں کیا۔اس موقع پر ترقیاتی منصوبوں، حکومتی، سیاسی سمیت مختلف اہم ایشوز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے کہاکہ پسماندگی کا خاتمہ ہمارا مشن ہے ،ابھی کئی کام کرنا ہیں، ہماری کوشش ہے کہ ریاست کے عوام کی خوشحالی کو یقینی بنایا جائے ۔تحریک انصاف کی حکومت آئین و قانون کی حکمرانی اور میرٹ کی بالا دستی کیلئے وہ تمام تر اقدامات اٹھائے گی جس سے عام آدمی کا ریاست پر اعتماد بحال ہو۔ سردار عبد القیوم نیازی کہا کہ بلدیاتی الیکشن ہماری حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہو گی، بلدیاتی الیکشن کے ذریعے عام آدمی کو اقتدار میں حصہ ملے گا اور وزیراعظم عمران خان کے ویژن کی روشنی میں اقتدار نچلی سطح پر منتقل کرنے کا وعدہ وفا ہو گا، کرپشن روکنے کیلئے احتساب کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔