اسلام آباد؍دوحہ(سپیشل رپورٹر؍ نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان قطر کا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے واپس اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، دورہ کے دوران دوطرفہ تعاون کو مستحکم بنانے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ،معاون خصوصی زلفی بخاری اور معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر بھی تھے ۔دورہ کے دوران وزیراعظم عمران خان نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ون آن ون ملاقات کی۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں سربراہان میں ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور عالمی امور پر گفتگو ہوئی۔وزیراعظم اور امیر قطر نے دونوں ممالک کے درمیان سماجی اور معاشی پارٹنرشپ مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے امریکہ اور طالبان کے درمیان معاہدے میں قطر کے کردار کو سراہا۔ معاہدے پر 29فروری کو دستخط ہونا ہیں۔وزیراعظم نے کہا افغان مفاہمتی عمل کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، امید ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز افغانستان میں استحکام کے لئے کردار ادا کریں گے ۔انہوں نے کہا بھارت میں جاری مسلم مخالف فسادات پر گہری تشویش ہے ، ہندتوا نظریے سے متاثر موجودہ بھارتی حکومت ان فسادات کی ذمہ دار ہے ۔وزیراعظم نے امیر قطر کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ آر ایس ایس نظریات پر چلنے والی بی جے پی حکومت کشمیریوں کے حقوق پامال کر رہی ہے ۔علاوہ ازیں وزیر اعظم نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اقوام عالم اپنا فرض نبھائیں اور بھارتی بربریت کا فوری نوٹس لیں،یہ تاریخ میں حق کے ساتھ کھڑا ہونے کا وقت ہے ۔عمران خان نے کہا جب وہ موسیقارکہ جنہوں نے فروغِ امن کو اپنی زندگی کا نصب العین بنائے رکھا، بھی ہندوستان میں جاری قتل و غارت گری پر آواز بلند کرنے لگ جائیں تو دنیا پر بیداری واجب ہوجاتی ہے ۔