کراچی ( کامرس رپورٹر )ایک دن کی تیزی کے بعد منگل کو پاکستان سٹاک مارکیٹ بدترین مندی کی لپیٹ میں آ گئی جس کے باعث کے ایس ای100انڈیکس 300پوائنٹس گھٹ گیا اور انڈیکس 47ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے گر کر 46800پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بند ہوا،مندی کے باعث مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 1کھرب روپے سے زائدڈوب گئے ۔ سرمائے کامجموعی حجم 82کھرب روپے سے کم ہوکر 81کھرب روپے کی کم ترین سطح پر آگیا جبکہ78.25فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔ پاکستا ن سٹاک مارکیٹ میں منگل کو کے ایس ای100انڈیکس میں379.12 پوائنٹس کی کمی ہوئی جس سے انڈیکس47270.46پوائنٹس سے کم ہو کر46891.34پوائنٹس ہو گیا۔ کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں1کھرب39کروڑ98لاکھ60ہزار653روپے کی کمی واقع ہوئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 82کھرب76ارب39کروڑ97لاکھ40ہزار63روپے سے کم ہو کر81کھرب75ارب99کروڑ98لاکھ79ہزار410روپے ہو گیا۔دریں اثنا ڈالر کی قدر ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ170روپے کے انتہائی قریب پہنچ گئی۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق منگل کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں75پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید168.90 روپے اور قیمت فروخت169روپے پر جا پہنچی اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں80پیسے کے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 169.20روپے اور قیمت فروخت169.60روپے ہو گئی۔علاوہ ازیں آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق ملکی صرافہ مارکیٹوں میں 400روپے کے اضافے سے ایک تولہ سونے کی قیمت1لاکھ12ہزار700روپے جبکہ 342روپے کے اضافے سے دس گرام سونے کی قیمت96ہزار622روپے پر جا پہنچی۔