ابوظہبی (این این آئی)متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے پاکستانی مزدوروں کیلیے کم سے کم اجرت 800 امارتی درہم ( 30ہزار 340 پاکستانی روپے ) مقرر کردی گئی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیر معظم احمد خان نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت کے شکرگزار ہیں جنھوں نے حکومت پاکستان کی درخواست پرکم سے کم اجرت 800 درہم مقرر کی ،اس سے کفیل کی جانب سے مزدوروں کے ساتھ برا سلوک روکنے میں بھی مدد ملے گی۔پاکستانی سفیر نے بتایا کہ اجرت سے متعلق قانون پر عمل درآمد ہورہا ہے ،دیگر خلیجی ممالک سے بھی اس نوعیت کے سسٹم پر عمل درآمد کیلئے بات کی جائیگی۔ اس کے علاوہ حکومت پاکستان سے درخواست کی گئی ہے کہ متحدہ عرب امارات میں مزید کمیونٹی اسکولز کھولنے کیلیے مدد فراہم کی جائے ۔