اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی سینٹ کے سربراہ مائیکل پنس کو خطوط لکھ کر کورونا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں پر پاکستان کی پارلیمنٹ کی جانب سے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے ہر قسم کی معاونت کی پیشکش کی ہے ۔ چیئر مین سینٹ نے صدرٹرمپ اورمائیکل پنس کولکھے خطوط میں کہاکہ امریکہ میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں پر بہت دل گرفتہ ہوں۔کورونا وائرس ایک غیر معمولی عالمی چیلنج ہے جس سے ہر ایک فرد متاثر ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس بحران سے جہاں تباہی ہوئی ہے وہاں اقوام عالم کو متحد ہونے کا ایک منفرد موقع میسر آیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان دنیا کی طرح سماجی فاصلے اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہے ۔چیئرمین سینٹ نے کہاکہ پاکستان کا پارلیمان اور قوم اس مشکل وقت میں آپ کے ساتھ ہیں، ہم ہر قسم کی معاونت اور پیرا میڈیکل سپورٹ فراہم کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہاکہ توقع ہے کہ مشترکہ کوششوں سے ہم جلد اس بحران پر قابو پا لیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں میری نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔