جکارتہ،اسلام آباد ( 92نیوز رپورٹ،سپیشل رپورٹر) انڈونیشیا میں 6.2شدت کے خوفناک زلزلہ نے تباہی مچادی۔زلزلے کے بعد لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی عمارتیں زمین بوس ہونے سے42افراد جاں بحق600 زخمی ہوگئے ،پاکستان نے اظہار افسوس کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہاہے کہ پاکستان مشکل وقت میں انڈونیشیاء کی حکومت، برادر عوام کیساتھ ہے ۔جزیرے سولاویسی میں زلزلہ آیا ،گہرائی 10 کلومیٹر تھی،آفٹر شاکس جاری ہیں سینکڑوں افراد ملبے تلے دب گئے ،200ہسپتال منتقل کردیئے گئے ،18کی حالت نازک ہے ، صوبائی گورنرکادفتر ،سڑکیں،پل بھی متاثر ہوئے ،سونامی کا خدشہ ہے ،ہزاروں لوگ پناہ گزین کیمپوں میں منتقل کردیئے گئے ہیں۔انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی میں 6.2 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔ جس کا مرکز مازن شہر سے شمال مشرق میں 6 کلومیٹر کی دوری پر تھا جب کہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ ،ذرائع کا کہنا ہے کہ 600 سے زائد زخمیوں میں سے 18 کی ہلاکت نازک ہے جبکہ 200 سے زائد زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے۔ اور باقی کو معمولی طبی امداد کے بعد گھر جانے کی اجازت دیدی گئی ہے ۔سب سے زیادہ ہلاکتیں ماموجو کے علاقے میں ہوئی جہاں 26 اموات ہوئیں جب کہ دیگر ہلاکتیں سلویسی کے مغربی علاقوں میں ہوئی ہیں۔ کئی سڑکیں اور دو پلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے ۔محکمہ موسمیات نے زلزلے کے فوری بعد سونامی کا خدشہ بھی ظاہر کیا تھا جس کے بعد ہزاروں لوگوں کو پناہ گزین کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے جب کہ متاثرہ افراد کے لیے ریلیف کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں۔ میٹرولوجیکل ادارے نے آفٹر شاکس کا انتباہ جاری کیا ہے جو اس حد تک طاقتور ہوسکتے ہیں کہ سونامی کو جنم دے سکیں۔