اسلام آباد (این این آئی)اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا 43 واں اجلاس آج سے جنیوا میں شروع ہو گا، پاکستان نے کشمیر،بھارت میں شہریوں پر تشدد کا معاملہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا اجلاس 24 فروری سے 20 مارچ تک جاری رہے گا،اجلاس میں اریٹریا، فلسطین، قبرص، افغانستان، شام، ایران، عوامی جمہوریہ کوریا، گوئٹے مالا، ہنڈراس، کولمبیا، سری لنکا، وینزویلا، برونڈی، جنوبی سوڈان، میانمار میں روہنگیا مسلم اقلیت سمیت متعدد ممالک میں انسانی حقوق کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایاکہ ابھی تک انسانی حقوق کونسل اجلاس کے ایجنڈا میں بھارت میں اقلیتوں سے ناروا سلوک اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال شامل نہیں ۔ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں اقلیتوں کے حقوق کا معاملہ کونسل میں اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شریں مزاری کونسل کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں اقلیتوں سے ناروا سلوک کو اجاگر کریں گی۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر شیریں مزاری انسانی حقوق کی کونسل کے 43 ویں اجلاس میں شرکت کے لئے تین روزہ دورہ کے لئے پاکستان سے جنیواا پہنچ گئیں ۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شریں مزاری اجلاس میں پاکستان میں بچوں عورتوں ، خواجہ سراؤں ،قیدیوں کے حقوق کے لئے کئے گئے اقدامات کو بھی اجاگر کریں گی۔