اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)موجودہ حکومت کے منی لانڈرنگ کے خاتمے اورقانونی ذرائع سے بیرون ممالک سے رقومات کی منتقلی کیلئے اقدامات کے نتیجے میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب بھجوائی جانے والی ترسیلات زرمیں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہاہے ،جولائی 2018ئسے مئی 2019ئتک سمندرپارمقیم پاکستانیوں نے 20.19 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھجوائیں۔ تحریک انصاف کی حکومت نے اگست 2018ئمیں اقتدار سنبھالنے کے بعد ملک کی اقتصادی صورتحال کو بہتربنانے کیلئے جوپالیسی ترتیب دی اس میں منی لانڈرنگ کے خاتمے ، درآمدات میں کمی اوربرآمدات و ترسیلات زرمیں اضافے پر خصوصی توجہ مرکوزکی گئی۔سٹیٹ بینک کے اعدادوشمارکے مطابق رواں مالی سال کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرمیں 10.42 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ جولائی 2018ئسے مئی 2019ئتک سمندرپارمقیم پاکستانیوں نے 20.19 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھجوائیں جبکہ مالی سال 2017-18 ئکے اسی عرصے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 18.28 ارب ڈالرمالیت کی ترسیلات زربھجوائی گئی تھیں۔