اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)متحدہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی عید کے بعد مولانا فضل الرحمن کی سربراہی میں اے پی سی بلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتیں سینٹ میں شکست کی تحقیقات کرینگی اور ووٹنہ دینے والے ارکان کیخلاف کارروائی کی جائیگی ۔ رہبرکمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے سربراہ اکرم درانی کی زیرصدارت ہواجس میں احسن اقبال ،ایازصادق ،نیئر بخاری ، نویدقمر،فرحت اللہ بابر،میاں افتخارسمیت دیگر نے شرکت کی۔ بعد ازاںاکرم درانی نے میڈیا سے گفتگو میںکہا 'ہم حکومت کو بھاگنے نہیں دینگے ، مخصوص ایجنڈے نے 'سی پیک کو سبوتاژ کیا ، امریکہ کی وجہ سے چین جیسا دوست ناراض ہو گیا۔انہوںنے کہا خیبر پختونخوا میں 83 ہزار نوکریاں ختم کی گئیں، بلین ٹری اور بی آر ٹی میں کرپشن ہوئی لیکن ادارے خاموش ہیں۔ احسن اقبال نے کہا حکومت اپوزیشن رہنمائوںکی گرفتاریاںکر کے مسئلہ کشمیر سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے ، ہم انہیں مسئلہ کشمیر سے پیچھے نہیں ہٹنے دینگے ،یہ سوالیہ نشان ہے کہ جو قدم بھارت 72 سال سے نہیں اٹھا سکا وہ اب اٹھالیا، حکومت نے کشمیر پر سودے بازی کی انہوں نے کہا قومی اقتصادی کونسل میںفوج کو شامل کرنا غلط ، ہم نہیں چاہتے پاک افواج بدنام ہوں ۔ میاں افتخارنے کہاحکومت کی چھٹی ہونے تک اسلام آباد میں دھرنا دینگے ۔این این آئی کے مطابق اکرم درانی نے کہاکہ ہم چیئرمین سینٹ کیخلاف دوبارہ تحریک عدم اعتماد لانے پر غور کررہے ہیں، اس حوالے سے رولز کا جائزہ لیا جائیگا۔