کراچی (کامرس رپورٹر )ایک روزہ مندی کے بعدپاکستا ن اسٹاک مارکیٹ سے منگل کو مند ی کے بادل چھٹ گئے ،ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 40ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد کو چھو گیا تاہم کاروبار کے اختتا م پر انڈیکس 200پوائنٹس کے اضافے سے 39900پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ،تیز ی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں83ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے سرمائے کا مجموعی حجم 82کھرب روپے سے تجاوز کر گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کاروبار کے آغاز پر ملا جلا رجحا ن دیکھا گیا ، پیر کی مندی کے سبب منگل کو کاروبار کے دوران بعض اسٹاکٹس میں فروخت کا دبائو بھی دیکھنے میں آیا جس کی وجہ سے ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 39333پوائنٹس کی پست ترین سطح پر آگیا بعد ازاں سیمنٹ ،فوڈز ،توانائی سمیت دیگر منافع بخش شعبوں میں سرمایہ کاری کی بدولت ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 40013 پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا تاہم کاروبار کے بند ہونے تک مارکیٹ اس سطح کو برقرار نہ رکھ سکی مگر مارکیٹ مثبت زون میں ہی بند ہوئی۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کاروبار کے دورا ن کے ایس ای100انڈیکس میں 267.21پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 39665.77پوائنٹس سے بڑھ کر 39932.98پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 128.47پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30انڈیکس 19660.41پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 28920.02پوائنٹس سے بڑھ کر 29218.03پوائنٹس پر جا پہنچا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو مجموعی طور پر 340کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 229کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،91میں کمی اور 20کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔