اسلام آباد(نامہ نگار)مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے اڈیالہ جیل میں سابق وزیرِاعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران صدارتی الیکشن میں بھرپور مقابلہ کرنے کا عزم کیا گیا۔ سابق وزیر اعلیٰ نے مریم نواز سے بھی ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں شہباز شریف نے اپنے بڑے بھائی کو صداتی انتخاب پر پارٹی کی پوزیشن اور الائنس سے آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق شریف برادران کی ملاقات میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں بھی غور کیا گیا، نواز شریف نے بھرپور مقابلے کی ہدایت کی۔اڈیالہ جیل میں عباس شریف کی فیملی اور لیگی رہنما بھی جیل پہنچے ہیں۔اڈیالہ جیل آنے والوں میں خواجہ آصف، مریم اورنگزیب، عظمیٰ بخاری، مصدق ملک، جاوید لطیف، امیر مقام، شیخ روحیل اصغر، نعیم بٹ اور بلیغ الرحمان شامل تھے ۔راولپنڈی سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق نوازشریف سے شہباز شریف، خواجہ آصف اور مریم اورنگزیب کی ملاقات مقررہ وقت کے بعد بھی جاری رہی۔ فہرست میں 60 سے زائد نام شامل تھے ، وقت کی کمی کے باعث 35 لیگی ہی مل سکے ۔علالت کے باعث کیپٹن (ر) صفدر سے ملاقات کی اجازت کسی کو نہ دی گئی۔ کارکنوں نے جیل کے باہر احتجاج کیا۔